خیرپور،صوبائی وزیر فراز حسین ڈیرونے حضرت سچل سرمست کے 198ویں عرس مبارک کا افتتاح کردیا

پیر 20 مئی 2019 18:55

خیرپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2019ء) صوفی ازم کے سرتاج حضرت عبدالوہاب المعروف سچل سرمست رحہ198 ویں عرس مبارک کی سرکاری تقریبات شروع۔ محکمہ اوقاف کے صوبائی وزیر فراز حسین ڈیرونے دارازہ پہنچ کر حضرت سچل سرمست کے مزار پر حاضری دے کر پھولوں کی چادر چڑھا کرعرس مبارک کا افتتاح کیا ۔ اس موقع پر سجادہ نشین پیر خواجا میاں عبدالحق فاروقی سوئم، کمشنر سکھر ڈویژن رفیق احمد برڑو، چیف ایڈمنسٹریٹراوقاف منور علی مہیسر، سیکریٹری اوقاف محمد نواز شیخ، ڈپٹی کمشنر خیرپور محمد نعیم سندھو، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریاض حسین وسان، ضلع چیئرمین شہریار وسان، ایس ایس پی خیرپور عمر طفیل، لال بخش منگی، معروف ادیب مختیار ملک، ڈی ایس پی مہدی رضا، ڈی آئی انچارج علی گل ملاح ، اے ڈی سی ٹو ارسلان اور دیگر اعلیٰ سرکاری افسران بڑی تعدا د میں موجود تھے۔

(جاری ہے)

افتتاح تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر فراز حسین ڈیرو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی کوششوں کے نتیجے میں دہشت گردی پر قابو پایا گیا ہے انتہا پسندی اور دہشت گردی سے نمٹنے کے لئے حضرت سچل سرمست رحہ کے پیغام کو عام کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم خوش نصیب ہیں کہ صوفیوں کی وادی سندھ جیسی سرزمین پر رہ رہے ہیں۔ سچل سرمست نے برداشت، امن، بھائی چارے کا پیغام دیا ہے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ وفاق کی جانب سے این ایف سی ایوارڈ کا شیئر نہیں دیا جارہا ہے جس کے نتیجے میں سندھ مالی بحران کا شکار ہے اس کے باوجود سہون دھماکے کے بعد سندھ بھر کی درگاہوں کی سیکیورٹی پلان منصوبے ترتیب دیے جس میں سچل سرمست اے کیٹیگری میں شامل ہے جو ہماری کامیابی ہے انہوں نے کہا کہ درگاہ حضرت سچل سرمست رحہ کے لیے 150 ملین کی اسکیم تیار کی ہے جو بجٹ 2019-20 میں منظور کرائی جائیگی اور آئندہ سال درگاہ کا کام شروع کیا جائے گا اور درگاہ کے تمام مسائل حل کیے جائیں گے ۔

اس سے قبل چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف منور علی مہیسر نے خطاب میں کہا کہ درگاہیں ہی امن پسندی کا واحد ذریعہ بچی ہیں جن کے ذریعے مذہبی جنون سے چھٹکارا حاصل کیا جاسکتا ہے سچل سائیں تصوف کے کپتان ہیں ان کے پیغام عام کرنے سے دنیا اور ملک میں امن قائم کیا جاسکتا ہے ۔ درگاہ حضرت سچل سرمست کے سجادہ نشین میاں عبدالحق سوئم نے اپنے خطاب میں کہا کہ سچل سرمست کے روضے کی حالت زبوں حال ہے اس لیے درگاہ کی دوبارہ تعمیر اور جامع مسجد تعمیر کراکے دی جائے انہوں نے کہا کہ درگاہیں ایٹم بم سے زیادہ سے طاقتور ہیں جو عوام میں شعور بیدار کرکے امن پیار، محبت پیدا کرسکتی ہیں کمشنر سکھر ڈویژن رفیق احمد برڑو نے کہا کہ حضرت سچل سرمست کا پیغام سندھ کے خمیر میں شامل ہے سچل شاعر ہونے کے ساتھ ساتھ سماج شعور اور سدھار کے واحد نمائندہ ہیں ان کے پیغام کو عام کرنے سے سماجی برائیوں کا خاتمہ ممکن ہوسکتا ہے ۔

سچل یاد گار کمیٹی کے چیئرمین ڈپٹی کمشنر خیرپور محمد نعیم سندھو نے خطبہ استقبالیہ دیتے ہوئے کہا کہ سچل سرمست کی فکر اور فلسفے کو عام کرنا یادگارکمیٹی کی اولین ترجیح ہے تاکہ معاشرے سے نفرتیں ختم ہوں محبت کا بول بالا ہو اور پیغام سچل عام کرسکیں ۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریاض حسین وسان،مختیار ملک، لال بخش منگی، قربان منگی اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔

ایوارڈتقریب کے دوران صوبائی وزیر اوقاف فداحسین ڈیرو، کمشنر سکھر ڈویژن رفیق احمد برڑو، سجادہ نشین میاں عبدالحق فاروقی(سوئم)چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف منور علی مہیسر۔ ڈپٹی کمشنر خیرپور محمد نعیم سندھو ، شہریار وسان اور دیگر نے مختلف شعبہ جات میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے میں سچل ایوارڈ تقسیم کیے جس میں بہترین مقالا نگار غوث بخش عباسی، بہترین شاعر ہدایت بلوچ، بہترین راگی ممتاز کنول ، بہترین صوفی راگی رجب اور سلامت سہراب فقیر، بھورل بھٹی، بہترین کارکن کا ایوارڈ ڈسٹر کٹ انفارمیشن آفیسر سید ساجد حسین شاہ کو دیا گیا جبکہ سگھڑ ایوارڈ درمحمد سہتوکو دیا گیا ۔

تقریب کے دوران یادگار کمیٹی کی جانب سے سرمست40 اور سوئینر30 اور محکمہ اطلاعات سندھ کی جانب سے حق موجود رسالہ کی صوبائی وزیر فراز حسین ڈیرو اور دیگر مہمانان گرامی نے رونمائی کی ۔ تقریب کے آخر میں رجب سلامت سہراب فقیر ، رانجھن بھٹی ، مہدی شاہ، محبوب موٹن شاہ ، ایاز کھوکھر ، بھورل بھٹی اور دیگر نے سچل کے سنگ کی صورت میں سچل کا روایتی کلام گھنڈ کھول دیدار وکھائو میں آیا مکھ ویکن گا کر سامعین کو جھومنے پر مجبور کردیا ۔