سرائے صالح سوکا میں ٹریکٹر ٹرالی کی ٹکر سے زخمی ہونے والا نوجوان انتقال کر گیا

منگل 21 مئی 2019 14:51

ہری پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2019ء) سرائے صالح سوکا میں ٹریکٹر ٹرالی کی ٹکر سے زخمی ہونے والا نوجوان 6 روز تک زندگی و موت کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد جاں بحق ہو گیا۔ نوجوان بیٹے کی موت سے والدین غم سے نڈھال تھے، متوفی کو نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد آبائی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق 15 مئی کی شب کو سرائے صالح محلہ جدید کا رہائشی 15 سالہ محمد عبدالله ولد محمد عارف اپنے اپلائیڈ فار موٹر سائیکل پر سوار ہو کر موہڑہ کلانواں سے اپنے گھر جا رہا تھا کہ جی ٹی روڈ سرائے صالح سوکا کے مقام پر سامنے سے آنے والی تیز رفتار ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکرا گیا۔

حادثہ کے نتیجہ میں عبدالله اور اس کا دوست سجاول ولد عبدالحمید شدید زخمی ہو گئے جنہیں ٹراما سنٹر ہری پور میں ابتدائی طبی امداد کے بعد تشویشناک حالت میں ایوب میڈیکل کمپلیکس ایبٹ آباد ریفر کر دیا گیا۔ محمد عبدالله چھ روز تک زندگی و موت کی کشمکش میں رہنے کے بعد گذشتہ روز دم توڑ گیا۔