Live Updates

پاکستان مقبوضہ کشمیر کے عوام کی سیاسی، سماجی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا،

بھارت کی سازشیں ناکام ہو ں گی، کشمیر جلد آزاد ہوگا، بھارت کے مذموم مقاصددنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکے ہیں وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور کا میر واعظ محمد فاروق اور عبد الغنی لون کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے منعقدہ تقریب سے خطاب

منگل 21 مئی 2019 22:43

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2019ء) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر کے عوام کی سیاسی سماجی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا، بھارت کی سازشیں ناکام ہو ں گی، کشمیر جلد آزاد ہوگا، بھارت کے مذموم مقاصددنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو کل جماعتی حریت کانفرنس کے زیر اہتمام شہید میر واعظ محمد فاروق اور شہید حریت رہنما خواجہ عبد الغنی لون کو خراج عقیدت پیش کرنے کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

علی امین گنڈا پور نے کہا کہ کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی ان کے خون سے انقلاب آئے گا اور بہت جلد کشمیر آزاد ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان مسئلہ کشمیر کے حوالے سے واضح موقف رکھتے ہیں اور پاکستان کی خارجہ پالیسی میں مسئلہ کشمیر کو مرکزی حیثیت حاصل ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارت کے مذموم مقاصد اب دنیا کے سامنے عیاں ہو چکے ہیں، بین الاقوامی برادری اب اس بات کو تسلیم کر رہی ہے کہ بھارت کشمیر میں انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزیاں کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کی تنظیمیں اب دنیا بھر میں اس بات کی مذمت کر رہی ہیں کہ بھارت کشمیروں پر بے پناہ ظلم ڈھا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میری وزارت مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے اور اس کے حل کے لئے اپنا اہم کردار ادا کرتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان میں انتشار پھیلانے کی ہر ممکن کوشش کر رہا ہے اسے منہ کی کھانی پڑے گی اور وہ اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہوگا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی آخری منزل ہے اور پاکستانی عوام کشمیریوں سے غیرمشروط محبت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں توقع کرتا ہوں علی امین گنڈا پور مسئلہ کشمیر کے حل میں اپنا اہم کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے بارے میں پاکستان کی خارجہ پالیسی ماضی کی نسبت بہت بہتر ہے اور موجودہ حکومت ہر پلیٹ فارم پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں مطالبہ کرتا ہوں وزیراعظم عمران خان مقبوضہ کشمیر کے حریت قائدین سے ملاقاتیں کریں کیونکہ یاسین ملک سمیت تمام حریت رہنماؤں کی صحت بہت خراب ہے اور بھارت انہیں ذہنی دباؤ میں لانے کی بھرپور کوشش کررہا ہے۔ سردار عتیق نے کہا کہ یہ خطہ اب مزید انتشار کا متحمل نہیں ہوسکتا، مسئلہ کشمیر کو جلد حل ہونا چاہیے۔ اس موقع پر دیگر کشمیری قائدین نے بھی خطاب کیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات