نیب نے سیل نمبر 3کی صفائی کروا لی، اہم گرفتاری کا امکان

سیل نمبر 3میں شہباز شریف، سلمان رفیق، فواد حسن فواد، احد چیمہ اور عبدالعلیم خان رہ چکے ہیں،آصف علی زرداری نے عندیہ دیا تھا کہ انہیں 23مئی کو گرفتار کر لیا جائے گا

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ منگل 21 مئی 2019 20:17

نیب نے سیل نمبر 3کی صفائی کروا لی، اہم گرفتاری کا امکان
راولپنڈی(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21مئی2019) آصف علی زرداری کی جانب سے 23مئی کو گرفتار کیے جانے کا عندیہ دیے جانے کے بعد خبر آئی ہے کہ نیب نے بھی اپنی خصوصی حوالات سیل نمبر 3کی صفائی کروا لی ہے۔ واضح رہے کہ سیل نمبر 3نیب میں خاص اہمیت کا حامل ہے اور اس میں شہباز شریف، سلمان رفیق، فواد حسن فواد، احد چیمہ اور عبدالعلیم خان جیسے اہم ملزمان رہ چکے ہیں اور اب اس سیل کو خوالی کروا لیا گیا ہے۔

اس سیل مین دری، جائے نماز، گدا، میز اور روشندان موجود ہے اور اس میں راجہ قمر الاسلام اور رائے اعجاز جیسے ملزمان بھی قید رہ چکے ہیں۔ اب اس سیل کو سابق صدر آصف علی زرداری کی پیشی سے عین پہلے خالی کروا کے صاف کروا لیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ سابق صدر مملکتاور پیپلز پارٹی کے شریک چئیرمین آصف علی زرداری نے اپنی گرفتاری کی ممکنہ تاریخ کا عندیہ دے دیا ہے۔

(جاری ہے)

آصف زرداری کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ انہیں نےنیب نے 23 مئی کو طلب کیا ہے۔ آصف زرداری کا کہنا ہے کہ انہیں خدشہ ہے کہ 23 مئی کو نیب انہیں گرفتار کر لے گی۔ اسی باعث آصف زرداری نے عدالت سے رجوع کرکے درخواست کی ہے کہ نیب کو انہیں گرفتار کرنے سے روکا جائے۔ دوسری جانب احتساب عدالت نے سابق صدر آصف علی زرداری اور فریال تالپور سمیت دیگر ملزمان کے خلاف جعلی بینک اکاﺅنٹس کیس کی سماعت 30 مئی تک ملتوی کردی ہے. منگل کے روز احتساب عدالت کے معزز جج محمد ارشد ملک نے جعلی بینک اکاﺅنٹس کیس کی سماعت کی۔

عدالت میں سماعت کے دوران عبدالغنی مجید کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائرکی گئی جس میں کہا گیا کہ ملزم کے پروڈیکشن آرڈرجاری ہوئے تھے لیکن وہ بیمار ہیں. دوسری جانب حسین لوائی کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ان کے موکل کو ایف آئی اے نے گرفتارکیا تھا، حسین لوائی کومچلکوں کے عوض رہائی کا حکم دیا جائے. وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ حسین لوائی کوبھی آزاد رہ کرٹرائل کا سامنا کرنے کی اجازت دی جائے. نیب پراسیکیوٹر نے حسین لوائی کی رہائی کی درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ کیس نیب کومنتقل ہوا ہے توملزمان کی حیثیت بھی برقرار رہے گی، ملزم کی رہائی کی درخواست خارج کی جائے احتساب عدالت نے حسین لوائی اور طٰہ رضا کی ضمانت کی درخواست مسترد کردی.