فرشتہ کے قاتلوں کو سزا ملنے تک اے این پی چین سے نہیں بیٹھے گی، ایمل ولی خان

منگل 21 مئی 2019 23:25

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 مئی2019ء) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان نے اسلام آباد میں 10 سالہ معصوم بچی فرشتہ کے ساتھ زیادتی کے بعد بہیمانہ قتل پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ درندہ صفت قاتلوں کو جلد گرفتار کر کے لواحقین کو انصاف فراہم کیا جائے،اسلام آباد میں پیش آنے والے قیامت خیز واقعے کی مذمت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک بار پھر ظاہرہوگیا کہ معاشرے میں بچے کتنے غیرمحفوظ ہیں،پختون بچوں اور بچیوں کے ساتھ ظلم کا یہ پہلا واقعہ نہیں،حکمران کسی کو تحفظ فراہم نہیں کر سکتے ،ملک میں کسی کی جان محفوظ نہیں رہی، مہمند کی فرشتہ کا قتل مسلط حکمرانوں کے منہ پر طمانچہ ہے،اسلام آباد میں پختون بچی کااغوا اور قتل موجودہ نظام اور حکمرانوں کا گھناؤنا چہرہ ہے، واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ،انہوں نے سول انتظامیہ سمیت میڈیا کے کردار پر بھی افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ پانچ روز تک فرشتہ کے قتل کی ایف آئی آر درج کرنے سے انکار نے پولیس کے کردار کو مشکوک بنا دیا ہے جبکہ میڈیا نے بلیک آؤٹ کر کے تعصب کا مظاہرہ کیا ، انہوں نے کہا کہ پنجاب کی زینب پر ہر لمحہ نوحہ کناں میڈیا پختون بچیوں کے واقعات پر خاموشی کی چادر اوڑھ لیتا ہے ،انہوں نے استفسار کیا کہ تمام ٹی وی چینلز اس ایشو کو اہمیت نہ دے کر کیا پیغام دینا چاہتے ہیں ایسا تو نہیں کہ خیبرپختونخوا کے مہمند ضلع سے تعلق رکھنے والی بچی اور دوسرے صوبوں کے بچوں، بچیوں میں فرق کیا جارہا ہی ایمل ولی خان نے کہا کہ بچی کے پوسٹ مارٹم میں تاخیری حربوں سے شکوک و شبہات جنم لے رہے ہیں ، انہوں نے مطالبہ کیا کہ جلد از جلد پوسٹ مارٹم کرایا جائے اور ملوژ درندوں کو گرفتار کر کے انہیں عبرتناک سزا دی جائے ، انہوں نے کہا کہ اے این پی غمزدہ خاندان کے ساتھ ہے اور انصاف ملنے تک ان کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی، صوبائی صدر نے مقتولہ بچی کے اہل خانہ سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور آئی جی پنجاب اور ارباب ِ اختیار سے مطالبہ کیا کہ واقعے کی تحقیقات کرائی جائے اور ملوث افراد کو گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے۔