منافع خوروں نے رمضان المبارک کو عوام کیلئے پریشانی اور مشکلات کا مہینہ بنا دیا ہے ،میاں محمد اسلم

منگل 21 مئی 2019 23:35

ی*اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 مئی2019ء) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان وسابق ممبر قومی اسمبلی میاں محمد اسلم نے کہا ہے کہ منافع خوروں نے رمضان المبارک کو عوام کیلئے پریشانی اور مشکلات کا مہینہ بنا دیا ہے ،یکم رمضان سے حکو مت کی جانب سے جاری کر دہ رمضان آرڈنینس پرعملدرآمدکرانا ضلعی انتظامیہ کی ذمہ داری تھی مگرپہلے دن سے بازاروں میں پرائس کنٹرول کمیٹیوں کا کردار اکہیں نظر نہیں آیا ،روزمرہ اشیاء کی قیمتیں دوگنا ہو گئی ہیں ۔

انھوں نے کہا یوٹیلٹی سٹورز اور رمضان بازاروں میں ناقص اور مہنگی اشیاء خوردونوش کی فروخت عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے حکو متی دعوئے جھوٹے ثا بت ہو رہے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے جھنگی سیداں میں افطار پارٹی سے خطاب کر تے ہو ئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر امیر جماعت اسلامی اسلام آباد نصراللہ رندھاوا، ارشد مرزااور عزیزالرحمن نے بھی خطاب کیا میاں محمد اسلم نے کہاالیکشن کے موقع پر موجودہ حکمرانوں نے عوام کو مسائل کے دلدل سے نکالنے کے بڑے دعوے کیے تھے مگر بد قسمتی سے وہ بھی محض چہروں کی تبدیلی لانے کے سوا کچھ نہیں کرسکے جبکہ ہر گزرتے دن کے ساتھ عوام میں اضطراب ، بے چینی اور مایوسی بڑھتی چلی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ رمضان اللہ عزوجل کا خاص تحفہ اور مسلمانوں کیلئے بخشش و توبہ قبول ہونے کا مہینہ ہے ، اس میں جھوٹ بولنے ذخیرہ اندوزی کرنے ، کم تولنے کرنیوالے رمضان کے فیض اور بر کات سے محروم رہتے ہیں ۔امیر جماعت اسلامی اسلام آباد نصراللہ رندھاوا نے کہا حکومتی سبسڈی کے باوجود سستے رمضان بازاروں میں دستیاب اشیاء کی قیمتیں اور کوالٹی تسلی بخش نہیں ،بازاروں میں سرکاری مقرر کردہ نرخوں کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی جارہی ہے، جبکہ متعلقہ ادارے خاموش تماشائی بنے بیٹھے ہیں۔ انھوں نے کہامہنگائی آسمان سے باتیں کررہی ہے اور عوام کا کوئی پرسان حال نہیں۔ موجودہ حکمرانوں نے بھی عوام کو شدید مایوس کیا ہے۔۔۔۔اعجاز خان