ہمارا آرام کرنے کا وقت آن پہنچا،نئی جنریشن سیاسی معاملات سنبھالے گی

بولنے پر ٹیکس نہیں لگا اس لیے فردوس عاشق اعوان میرے بارے کچھ بھی بول سکتی ہیں،سابق صدر آصف زرداری

Sajjad Qadir سجاد قادر بدھ 22 مئی 2019 06:34

ہمارا آرام کرنے کا وقت آن پہنچا،نئی جنریشن سیاسی معاملات سنبھالے گی
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22 مئی 2019ء)   اگر یہ کہا جائے کہ موجودہ حکومت کو اس وقت چومکھی لڑائی لڑنا پڑ رہی ہے تو بے جا نہ ہو گا۔ملک میں بڑھتی بےروزگاری،مہنگائی اور ڈالر کی صورت حال سے لے کر وسائل کی دستیابی تک کسی بھی صفحے پر حکومت کو خاطر خواہ کامیابی ملتی نظر نہیں آتی۔ڈالر کی قیمت بڑھنے سے بہت کچھ ہاتھ سے جاتا دکھائی دے رہا ہے۔

اپوزیشن نے گرینڈ الائنس بنانے کا عندیہ دے دیااور عین ممکن ہے کہ عید کے بعد اپوزیشن کی حکومت مخالف تحریک زور پکڑ جائے مگر اس وقت تک جو بات حکومت کے حق میں جا رہی ہے وہ عوام کا حکومت کا ساتھ دینا ہے۔اس وقت تک عوام نے مہنگائی،بیروزگاری،پٹرول کی قیمتیں بڑھنے اور ڈالر کے بے قابو ہونے کے خلاف کسی قسم کا احتجاج کیااور نہ سڑکوں پر ٹائر جلائے۔

(جاری ہے)

اپوزیشن سڑکوں پر آئے نہ آئے اس سے حکومت کا نقصان ہو یا نہ ہو جس دن عوام سڑکوں پر نکل آئے اس دن حکومت کے لیے خطرے کی گھنٹی بجنا شروع ہو جائے گی۔فی الحال اپوزیشن لیڈر اکٹھے ہونے اور حکومت کے خلاف لائحہ عمل تیار کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔گزشتہ روز آصف زرداری نیب عدالت میں پیش ہوئے واپسی پر صحافیوں نے ان سے سوالات کا تانتا باندھ دیا۔

ایک سوال کے جواب میں کہ مستقبل میں حکومت مخالف تحریک کو لیڈ کون کرے گا پر آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ میرے خیال میں اب ہمارا آرام کرنے کا وقت آن پہنچا ہے۔اب سیاسی باگ ڈور نئی جنریشن کے ہاتھ میں دے دینی چاہیے اور متوقع حکومت مخالف تحریک کی سربراہی بلاول،مریم اور مولانا فضل الرحمٰن کا بیٹا کریں گے۔ایک اور سوال کے جواب میں آصف زرداری نے کہا کہ نواز شریف سے جلد ملاقات کروں گا مگر فی الحال ان کی طبیعت ٹھیک نہیں ہے۔صحافی نے سوال کیا کہ فردوس عاشق اعوان آپ کے خلاف کافی ٹویٹ کرتی رہتی ہیں اس بارے آپ کیا کہیں گے۔تو سابق صدر آصف زرداری نے کہا کہ اس وقت تک بولنے پر کسی قسم کاکوئی ٹیکس نہیں لگا اس لیے وہ بولتی رہیں جو ان کا دل کہتا ہے۔