سید علی گیلانی کا اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں ظلم وتشدد بارے میں بھارت سے جواب طلبی کا خیر مقدم

غیر قانونی طور پر نظر بند کشمیریوں کو خراج تحسین

جمعرات 23 مئی 2019 10:55

سرینگر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2019ء) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے تین خصوصی نمائندوں کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں ظلم وتشدد اور قتل وغارت کے واقعات کے بارے میں بھارت سے جواب طلبی کا خیر مقدم کیا ہے تاہم اقوام متحدہ پر زور دیا ہے کہ وہ مقبوضہ علاقے میں تعینات لاکھوں بھارتی فوجیوںکی طرف سے قتل عام ، ظلم و تشدد، جبری گرفتاریوں، دوران حراست قتل اور خواتین کی بے حرمتی کے واقعات کو رکوانے کیلئے موثر کردار ادا کرے۔

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق سید علی گیلانی نے سرینگر سے جاری ایک بیان میںکہا کہ 8لاکھ سے زائد قابض فورسز کے اہلکاروں کی طرف سے مقبوضہ علاقے کے اطراف و اکناف میں قتل وغارت، مارپیٹ، اندھا دھند گرفتاریوں، زیرِ حراست قتل اور خواتین کی آبروریزی کے شرمناک واقعات میں آئے روز اضافہ ہو رہا ہے جس کا اقوام متحدہ کو سنجیدہ نوٹس لے کر انہیں روکنے کیلئے بھارت پر سیاسی اور سفارتی دباؤ بڑھایا جانا چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اپنے پیدائشی حق، حق خود ارادیت کے حصول کیلئے جدوجہد کرنا کشمیریوں کا جمہوری حق ہے جسے طاقت کے بل پر دبانے کی کوشش کرنا ایک سامراجی اور نوآبادیاتی حربہ اور انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزی ہے۔ سید علی گیلانی نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ وادی کو ایک بڑی جیل میں تبدیل کر دیا ہے اور کشمیری جہنم نما زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔

انہوںنے کہا کہ کشمیریوں کی اس ابترحالت کا سنجیدہ نوٹس لینا اقوام متحد کی ترجیحات میں شامل ہونا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے نام صرف جواب طلبی کے خطوط ہی کافی نہیں بلکہ اقوامِ متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن سمیت ایمنسٹی انٹرنیشنل اور عالمی ریڈکراس کمیٹی کومقبوضہ علاقے کا دورہ کرکے عام لوگوں کے علاوہ غیر قانونی طور پر نظر بند کشمیریوں کی حالت زار کا از خود مشاہدہ کرنا چاہیے۔

حریت چیئرمین نے کہا کہ مقبوضہ علاقے اور بھارت کی جیلوں میں غیر قانونی طور پر نظر بند کشمیری انتہائی تکلیف دہ حالات کے باوجود صبر و استقامت کا پیکر بنے ہوئے ہیں اور پوری کشمیری قوم انہیں سلام پیش کرتی ہے۔ انہوں نے محمد یٰسین ملک، مسرت عالم بٹ، شبیر احمد شاہ، ڈاکٹر حمید فیاض، ڈاکٹر شفیع شریعتی، ڈاکٹر محمد قاسم، ڈاکٹر غلام محمد بٹ، آسیہ اندرابی، فہمیدہ صوفی، ناہیدہ نسرین، غلام قادر بٹ، الطاف احمد شاہ، ایاز اکبر، پیر سیف اللہ، راجہ معراج الدین کلوال، نعیم احمد خان، شاہدالاسلام، فاروق احمد ڈار، سید شاہد یوسف، سید شکیل احمد، ظہور احمد وٹالی، مظفر احمد ڈار، محمد یوسف فلاحی، عبدالغنی بٹ، ایڈوکیٹ زاہد علی، نور محمد کلوال، شکیل احمد یتو، محمد یوسف میر، عبدالاحد پرے، حکیم شوکت، اسداللہ پرے، نذیر احمد شیخ، محمد ایوب میر، محمد ایوب ڈار، منظور احمد، طارق احمد، ٹکا خان، محمد شفیع وانی، مولانا سرجان برکاتی، غلام مصطفیٰ، بشارت بزاز، مشتاق احمد حرہ، یٰسین احمد حرہ، ڈاکٹر محمد سلیم ڈار، بشیر احمد کشمیری، عبدالحی اور دیگر نظربندوں کو خراج تحسین پیش کیا۔