Live Updates

وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر چاروں صوبوں کے ساتھ اشتہارات کے بقایا جات کی ادائیگی کے حوالے سے مشاورت کی گئی ہے،

وفاق نے ایک ارب 10کروڑ، پنجاب حکومت نے 57کروڑ اور خیبر پختونخوا حکومت کے ذمہ 10کروڑ کے واجبات ہیں، اشتہارات کے بقایا جات کی ادائیگی کو میڈیا ورکز کی تنخواہوں کے ساتھ مشروط کیا گیا ہے، پہلی قسط عید سے پہلے ادا کریں گے تاکہ صحافیوں کی روکی ہوئی تنخواہوں کی ادائیگیاں ممکن ہو سکیں، پی ٹی وی اور ریڈیو دونوں بدترین مالی بحران کا شکار ہیں، ان کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے ہرممکن کوشش کی جارہی ہے، اداروں کو فعال بنانے کیلئے میڈیا اداروں کو نہ صر ف حکومت بلکہ ریاست کا ترجمان بنانے کیلئے مثبت اقدامات اٹھا ئے جا رہے ہیں وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی سینیٹ کی قائمہ کمیٹی اطلاعات و نشریات کے اجلاس میں گفتگو

جمعرات 23 مئی 2019 17:12

وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر چاروں صوبوں کے ساتھ اشتہارات کے بقایا ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2019ء) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر چاروں صوبوں کے ساتھ اشتہارات کے بقایا جات کی ادائیگی کے حوالے سے مشاورت کی گئی ہے، وفاق نے ایک ارب 10کروڑ، پنجاب حکومت نے 57کروڑ اور خیبر پختونخوا حکومت کے ذمہ 10کروڑ کے واجبات ہیں ، اشتہارات کے بقایا جات کی ادائیگی کو میڈیا ورکز کی تنخواہوں کے ساتھ مشروط کیا گیا ہے ،پہلی قسط عید سے پہلے ادا کریں گے تاکہ صحافیوں کی روکی ہوئی تنخواہوں کی ادائیگیاں ممکن ہو سکیں، پی ٹی وی اور ریڈیو دونوں بدترین مالی بحران کا شکار ہیں ان کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے ہرممکن کوشش کی جارہی ہے، اداروں کو فعال بنانے کیلئے میڈیا اداروں کو نہ صر ف حکومت بلکہ ریاست کا ترجمان بنانے کیلئے مثبت اقدامات اٹھا ئے جا رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

وہ جمعرات کو سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کے اجلاس میں گفتگو کر رہی تھیں ۔ ایوان بالاء کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات، نشریات، قومی تاریخ و ادبی ورثہ کا اجلاس چیئرمین کمیٹی سینیٹر فیصل جاوید کی زیرصدارت پارلیمنٹ لاجز میں منعقد ہوا ۔ قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں چیئرمین سینیٹ کی طرف سے نیشنل لینگویج پروموشن ڈیپارٹمنٹ کے ملازمین کے تحفظات کے حوالے سے اٹھائے جانے والے معاملے پر غور کیا گیا ، کمیٹی کو آگاہ کیا گیا کہ اردو سائنس بورڈ لاہور ، اردو ڈکشنری کراچی ، نیشنل لینگویج پروموشن ڈیپارٹمنٹ کو اخراجات کم کرنے کے پیش نظر ایک ہی ادارے میں ضم کرنے کے فیصلے کو ادبی ورثہ ڈویژن نے مناسب نہ سمجھتے ہوئے مسترد کر دیا تاہم اس پر مزید کوئی اعتراض سامنے نہ آنے پر اس فیصلے کو حتمی قرار دیا گیا ۔

کمیٹی نے اردو زبان کے فروغ پر کام کرنے کی اہمیت پر زور دیا ۔ چیئرمین کمیٹی سینیٹر فیصل جاوید نے اردو زبان کے فروغ کیلئے جدید دور کے تقاضوں کے مطابق زبان کیلئے موبائل ایپ ہونے کی ضرورت پر رائے دی۔ جس پر کمیٹی کو بتایا گیا کہ اردو زبان کیلئے موبائل ایپلی کیشن تیار کر لی گئی ہے اور استعمال کی جا سکتی ہے ۔سینیٹر طلحہ محمود کی طرف سے قومی ثقافتی ورثہ کو محفوظ کرنے کیلئے اٹھائے گئے اقدامات بارے ایوان با لا میں کئے گئے سوال پر تفصیلی رپورٹ دیتے ہوئے کمیٹی کو بتایا گیا کہ ثقافتی ورثہ کا زیادہ حصہ صوبوں کے پاس ہے اور کچھ آثار قدیمہ کے علاقے وفاق کے اختیار میں آئے ہیں ۔

تاہم اس سلسلے میں ایک جامع منصوبہ پر کام شرو ع کیا جارہا ہے اس میں ملک کی تمام ثقافتی ورثہ اور آثار قدیمہ کی نشاندہی کر کے ان کی حفاظت و نگرانی کا کام کیا جائے گا، مزید اس کو سیاحت میں اضافہ کا سبب بھی بنایا جائے گا۔ اس پر وفاق کے ساتھ ساتھ صوبائی حکومتیں بھی کام کر رہی ہیں ۔ پاکستان بڑاڈ کاسٹنگ کارپوریشن میں سب ایڈیٹرز کی اپ گریڈیشن کے معاملہ پر بحث کرتے ہوئے کمیٹی کو آگاہ کیا گیا کہ ریڈیو پاکستان کے 80 ملازمین میں سے 27 ملازمین کی پنشن کی ادائیگی کر دی گئی ہے اور کمیٹی میں اس معاملہ کو لے کر آنے سے مسائل میں خاطر خواہ کمی واقع ہوئی ہے ۔

لوک ورثہ کی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کمیٹی کو آگاہ کیا گیا کہ ادارے میں 106 ملازمین درکا رہیں جبکہ صرف 52ملازمین کام کر رہے ہیں اور ایک سال سے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کی سیٹ خالی ہے۔ کمیٹی نے خالی آسامیوں پر بھرتی میں تاخیر پر تشویش کا اظہار کیا اور جلد ازجلد معاملہ کو حل کرنے کی سفارش کی ۔ میڈیا اداروں میں صحافیوں کی6 ماہ سے رکی ہوئی تنخواہوں کی ادائیگی اور حکومت کا میڈیا مالکان کو اشتہارات کی ادائیگیاں نہ کرنے کے معاملے پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پی ٹی وی اور ریڈیو دونوں بدترین مالی بحران کا شکار ہیں ان کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے ہرممکن کوشش کی جارہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اداروں کو فعال بنانے کیلئے میڈیا اداروں کو نہ صر ف حکومت بلکہ ریاست کا ترجمان بنانے کیلئے مثبت اقدامات اٹھا ئے جا رہے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ اشتہارات کی تشہیر کی ادائیگیوںکے بقایا جات کی مد میں 1.9 بلین ادا کر دیئے گئے ہیں اور گزشتہ حکومت کی طرف سے ادائیگیوں کے بقایہ جات بھی میڈیا مالکان کو اس شرط پر ادا کیے جائیں گے کہ وہ صحافی ملازمین کی گزشتہ تنخواہیں اد اکر دیں ۔

انہوں نے کمیٹی کو آگاہ کیا کہ اشتہارات کی تشہیر کی مد میں گزشتہ حکومت پنجاب نی57 ملین اوروفاق نے 1.10 بلین ادا کرنے ہیں ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ 85 فیصد اشتہاری منافع جات نجی اداروں سے حاصل ہوتے ہیں جبکہ صرف 15 فیصد سرکاری ذرائع سے حاصل کیا جا تاہے تاہم انہوں نے صحافیوں کو ان کا حق دلوانے کا یقین دلایا ۔صحافی تنظیموں نے قائمہ کمیٹی سے عید سے پہلے تنخواہیں جاری کروانے کی درخواست کی ۔

جس پر چیئرمین کمیٹی سینیٹر فیصل جاوید نے میڈیا مالکان کے اشتہارات سے حاصل کیے جانے والے منافع جات سے صحافتی ملازمین کو تنخواہیں ادا نہ کرنے پر سوال اٹھایااور صحافیوں کے تحفظ کیلئے قانون سازی کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کمیٹی کے آئندہ اجلاس میں وزارت اطلاعات و نشریات کو مسئلے کے حل کے ساتھ آنے کی ہدایا ت جاری کیں ۔پی ٹی وی ملازمین کی پنشنز کی ادائیگیوں کے معاملے پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کمیٹی کو آگاہ کیا گیا کہ 439 ملین کمیوٹیشن کے طور پر ادا کیے جا چکے ہیں جبکہ 1.9 بلین بقایا جات میں سی6 سو ملین بورڈ آف ڈائریکٹر کی منظوری کے بعد جلدادا کر دیئے جائیں گے ۔

پی ٹی وی کے معیار کو بہتر بنانے کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات کے بارے میںبتاتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے آگاہ کیا کہ ایم ڈی پی ٹی وی کی خالی آسامی کیلئے 42 درخواستیں موصول ہو چکی ہیں اور ان کے انٹر ویوز کیے جا چکے ہیں ۔ جلد وزیر اعظم کی منظوری کے بعد ایم ڈی منتخب کر لیا جائے گااور ادارے کو آزاد خود مختار بنانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔کمیٹی کے اجلاس میں سینیٹرز سجاد حسین طوری ، مشتاق احمد ، پرویز رشید ، خوش بخت شجاعت ، مولا بخش چانڈیو ، انوار الحق کاکٹر ، وفاقی وزیر برائے قومی تاریخ و ادبی ورثہ شفقت محمود ،معاون خصوصی اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان ، چیئرمین پیمرا ،چیئرمین این ایل پی ڈی افتخار عارف اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات