آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ کا دورہ

حالیہ ماضی میں بڑے مشکل چیلنجز سے نمٹنے کے بعد پاکستان پائیدار امن و استحکام کے تدریجی عمل سے گزر رہا ہے، یہ عمل سست ہے تاہم یہ مثبت راہ پر گامزن ہے،آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ

جمعرات 23 مئی 2019 17:32

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ کا دورہ
راولپنڈی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2019ء) بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے جمعرات کو کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ کا دورہ کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سٹاف کورس 2018-19ء کے سٹوڈنٹ افسران اور فیکلٹی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے قومی سلامتی سے متعلق اپنا نکتہ نظر پیش کیا۔ چیف آف آرمی سٹاف نے کہا کہ حالیہ ماضی میں بڑے مشکل چیلنجز سے نمٹنے کے بعد پاکستان پائیدار امن و استحکام کے تدریجی عمل سے گزر رہا ہے۔

(جاری ہے)

یہ عمل سست ہے تاہم یہ مثبت راہ پر گامزن ہے، ہمیں قومی اہداف کے حصول کے لئے کوششوں کو آگے بڑھانے کے لئے شانہ بشانہ کھڑے ہونے کی ضرورت ہے۔ آرمی چیف نے انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں اور مغربی سرحد کی حالیہ صورتحال کے تناظر میں نوجوان افسران کی کارکردگی کا اعتراف کیا اور اس کی تعریف کی۔ انہوں نے قومی سلامتی کو درپیش مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے افسران کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔ اس موقع پر کمانڈر سدرن کمانڈ بھی موجود تھے۔