Live Updates

ایران اور پاکستان کے مابین وفود کی سطح پر مذاکرات، دو طرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے اہم امور زیر بحث لائے گئے

جمعہ 24 مئی 2019 13:00

ایران اور پاکستان کے مابین وفود کی سطح پر مذاکرات، دو طرفہ تعلقات، ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2019ء) ایران اور پاکستان کے مابین وزارتِ خارجہ میں وفود کی سطح پر مذاکرات میں دو طرفہ تعلقات،علاقائی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاکستانی وفد کی قیادت وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی جبکہ ایرانی وفد کی قیادت ان کے ایرانی ہم منصب جواد ظریف نے کی۔ فریقین نے وزیر اعظم عمران خان کے حالیہ دورہ ء ایران کے دوران طے پانے والے فیصلوں پر عملدرآمد پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے دو طرفہ معاملات پر تعاون بدستور جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

(جاری ہے)

وزیرخاجہ نے کہاکہ خطے میں کشیدگی کسی کے مفاد میں نہیں ،پاکستان تمام تصفیہ طلب امور کو سفارتی سطح پر حل کرنے کا حامی ہے اورتمام سٹیک ہولڈرز کو تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے قیام اور کشیدگی میں کمی کیلئے ، اپنا مصالحانہ کردار ادا کرنے کیلئے کوشاں رہے گا ۔ ایران کے وزیرخارجہ نے اس موقع پر کہاکہ خطے میں قیام امن کیلئے پاکستان کی کاوشوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ۔ ایرانی وزیر خارجہ نے پرتپاک خیر مقدم پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات