سعودی ولی عہد کی سوڈانی عبوری کونسل کے نائب سربراہ سے ملاقات

ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان خصوصی تعلقات پر بات چیت ہوئی،سعودی نیوزایجنسی

جمعہ 24 مئی 2019 16:35

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مئی2019ء) سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے جدہ میں سوڈانی عبوری کونسل کے نائب سربراہ جنرل محمد حمدان سے ملاقات کی ہے ۔ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان خصوصی تعلقات پر بات چیت ہوئی اور علاقائی سطح پر حالات و واقعات کا جائزہ لیا گیا۔سعودی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق ملاقات کے دوران وزیر مملکت ڈاکٹر مساعد بن محمد العیبان، وزیر مملکت برائے خارجہ امور عادل بن احمد الجبیر اور سوڈان کی جانب سے عسکری کونسل کے سرکاری ترجمان جنرل شمس الدین کباشی بھی موجود تھے۔

اس سے قبل جنرل حمدان کے جدہ کے کنگ عبدالعزیز ایئرپورٹ پہنچنے پر مکہ مکرمہ کے گورنر شہزادہ خالد الفیصل نے ان کا استقبال کیا۔سعودی عرب پہنچنے سے قبل جنرل حمدان نے زور دے کر کہا کہ عسکری کونسل سوڈان میں اقتدار کی پٴْر امن منتقلی کو یقینی بنانے کی خواہش مند ہے۔

(جاری ہے)

سوڈانی صدر عمر البشیر کی معزولی کے بعد 16 اپریل کو سعودی عرب نے سوڈانی عوام کے اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کے حق کی تائید کی اور عبوری عسکری کونسل کی جانب سے سوڈانی عوام کے مفاد میں کیے جانے والے اقدامات کی حمایت کا اظہار کیا۔

گزشتہ ہفتے سعودی عرب نے امدادی پیکج کے سلسلے میں سوڈان کے مرکزی بینک میں 25 کروڑ ڈالر کی رقم جمع کرا دی۔ سعودی عرب اور امارات نے 21 اپریل کو سوڈان کے لیے 3 ارب ڈالر کی مالی سپورٹ پیش کرنے کا اعلان کیا تھا۔سوڈان میں چار ماہ تک جاری رہنے والے مظاہروں کے بعد فوج نے 11 اپریل کو 75 سالہ صدر عمر البشیر کی حکومت کا تختہ الٹ دیا جو 30 برسوں سے اقتدار پر براجمان تھے۔ فوج نے ایک عبوری عسکری کونسل تشکیل دی جس نے سرکاری اداروں کا کنٹرول سنبھال لیا۔دارالحکومت خرطوم کے وسط میں فوج کے ہیڈ کوارٹر کے سامنے ہزاروں افراد نے دھرنا دے رکھا ہے۔ ان کا فوج سے مطالبہ ہے کہ اقتدار شہریوں کے حوالے کیا جائے۔