سعودی فلاحی تنظیم نے رمضان میں شاندار کارنامہ انجام دے ڈالا

مسلم ورلڈ لیگ کی جانب سے رمضان کے مبارک مہینے میں دُنیا بھر میں پانچ لاکھ سے زائد خوراک کے پیکٹ تقسیم کیے جا چکے ہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 24 مئی 2019 16:29

سعودی فلاحی تنظیم نے رمضان میں شاندار کارنامہ انجام دے ڈالا
ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،24 مئی 2019ء) بین الاقوامی شہرت کے حامل سعودی فلاحی ادارے نے رمضان المبارک کے مہینے میں شاندار فلاحی پروگرام ترتیب دیا ہے جس کے تحت اب تک پانچ لاکھ سے زائد خوراک کے پیکٹ دُنیا بھر میں تقسیم کیے جا چکے ہیں۔ فلاحی ادارے ورلڈ مسلم لیگ کے مطابق ایشیا، افریقہ اور یورپ کے 28 ممالک میں مقیم غریب مسلمانوں میں لاکھوں پیکٹس تقسیم کیے گئے ہیں تاکہ وہ بھی سحری اور افطارکے موقع پر محرومی کا شکار نہ ہوں اور اُنہیں خوراک کی کمی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

ورلڈ مسلم لیگ کے مطابق خوراک کے ان پیکٹس میں چینی، چائے کی پتی، خوردنی تیل، گندم اور دیگر اشیاءشامل ہیں۔ دُنیا بھر کے مسلمان مستحقین کو رمضان کی یہ خصوصی غذائی امداد انٹرنیشنل اسلامک ریلیف آرگنائزیشن کے ذریعے کی گئی۔

(جاری ہے)

جس نے مختلف ممالک میں اپنے خصوصی نمائندے بھیج کر وسیع پیمانے کے اس کارِ خیر کو ممکن بنایا۔ ورلڈ مسلم لیگ نے بتایا کہ یہ غذائی پیکٹس مصر، جنوبی افریقہ، اُردن، افغانستان، بنگلہ دیش، چاڈ، کامروس، سری لنکا، لبنان، جبوتی، سُوڈان، یوگینڈا، ٹوگو، ملاوی، سینیگال، موریطانیہ، تیونس، بوسنیا، صومالیہ، یمن اور دیگر مسلمان اکثریت والے علاقوں میں تقسیم کیے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ ورلڈ مسلم لیگ کی جانب سے نیوزی لینڈ کی مسجد میں ہونے والی دہشت گردی کے واقعے میں شہید پاکستانی نعیم راشد اور ایک شامی باشندے کے لواحقین کو عالی شان گھر بھی بطور امداد دیا گیا ہے۔ جبکہ اس سانحہ کے تمام شہیدوں کے لواحقین کو حج بھی کرایا جا رہا ہے۔