وزیرمعدنیات کی ٹیم کا محلہ قاضی بابا سوات میں زمرد کے قمیتی معدنیات کی غیر قانونی کان کنی پر چھاپہ، ملوث افراد کے خلاف ایف آئی آر درج، ایک شخص گرفتار

جمعہ 24 مئی 2019 16:56

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2019ء) خیبرپختونخوا کے وزیرمعدنیات ڈاکٹر امجد علی نے کہا ہے کہ غیر قانونی کان کنی میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے، معدنیات صوبے کے عوام کی امانت ہیں اور ان کی حفاظت کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ہم اس وقت تک آرام سے نہیں بیٹھیں گے جب تک صوبے سے تمام غیر قانونی کان کنی ختم نہ ہو۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ان کی ٹیم کی طرف سے سوات کے علاقے محلہ قاضی بابا میں دو گھروں کے اندر کھودی گئی زمرد کے خفیہ کنوؤں میں غیر قانونی کان کنی پر چھاپہ مارنے کے بعد کیا۔ وزیر معدنیات ڈاکٹرامجدعلی نے کہا کہ گزشہ روز ا نہیں عوامی شکایات موصول ہوئی تھیںکہ محلہ قاضی بابا سوات میں کچھ گھروں کے اندر خفیہ کنوؤں/ کانوں میں سے غیر قانونی کان کنی کے ذریعے سے بھاری مقدار میں قیمتی معدنیات (زمرد)نکالے جا رہے ہیں جس پر انہوں نے ڈپٹی ڈائریکٹر معدنیات حیات الرحمن، اسسٹنٹ ڈائریکٹر شاہد خان اور دوسرے متعلقہ حکام پر مشتمل ٹیم تشکیل دی۔

(جاری ہے)

مذکورہ ٹیم نے مقامی پولیس اور مجسٹریٹ کی مدد سے دو گھروں پر کامیاب چھاپہ مارکر کان کنی میں ملوث لوگوں کو رنگوں ہاتھوں پکڑ لیا اور کان کنی میں استعمال ہونے والی مشینری اپنی تحویل میں لے لی۔ غیر قانونی کان کنی میں ملوث افراد اکرام اور سلیم خان کے خلاف مقامی تھانے میں ایف آئی آر بھی درج کیا اور ایک آدمی کو موقع پر ہی گرفتار کیا گیا جبکہ دوسرا فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا ۔وزیر معدنیات نے اس حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ملوث افراد کے خلاف سخت تادیبی کاروائی عمل میں لائی جائے گی تاکہ آئندہ کوئی ایسی حرکت نہ کرے۔