پی ٹی آئی کوئٹہ مسجد میں ہونے والے بم دھماکے کے شہداء کے خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں، اعجاز احمد چوہدری

جمعہ 24 مئی 2019 16:55

لاہور۔24 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2019ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری جنرل اعجاز احمد چوہدری نے کوئٹہ کی مسجد میں ہونے والے بم دھماکے کی شدیدالفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسجد کے نمازیوں پر حملہ بزدلانہ کارروائی ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے وہ کم ہے، عبادت گاہ کو نشانہ بناناکوئی اہل ایمان نہیں کر سکتا ،دہشت گرد اسلام، پاکستان اور انسانیت کے دشمن ہیں، اسلام انتہا پسندی، فرقہ واریت اور ہر قسم کی دہشت گردی کی ہر سطح پر مذمت کرتا ہے، انسانیت کو امن، برداشت، رواداری، احترام مذاہب اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کوئٹہ کی مسجد میں ہونے والے بم دھماکے کے شہداء کے خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے ،دہشت گردوں نے مسجد پر حملہ کرکے بزدلی کا مظاہرہ کیا،کوئٹہ بم دھماکے میں معصوم نمازیوں کی ہلاکت پر پورا ملک اداس ہے ،دہشت گردوں نے ایک بار پھر کوئٹہ کو نشانہ بنایاجو کہ ملک کے امن کے خلاف دشمنوں کی ایک سازش ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہاکہ پاکستان کی جڑوں کو کمزور کرنے کیلئے بیرونی قوتیں سرگرم ہیں ،بلوچستان میں دہشت گرد کارروائیوں میں بھارت ملوث رہا ہے، دہشتگردوں کا کوئی مذہب اور دین نہیں وہ انسانیت کے دشمن کے ہیں،دہشت گرد انسانیت کے قاتل ہیں، ملک کے امن کو برباد کر کے اور عدم تحفظ کا شدید احساس پیدا کر کے اپنے مذموم مقاصد کا حصول چاہتے ہیں۔