ضلعی انتظامیہ سکھر کی جانب سے 21 رمضان یوم شہادت حضرت علی کے موقع پر ضلع میں سیکورٹی سخت کرنے کا فیصلہ

جمعہ 24 مئی 2019 17:36

سکھر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2019ء) ضلعی انتظامیہ سکھر کی جانب سے 21 رمضان یوم شہادت حضرت علی علیہ السلام کے موقع پر ماتمی جلوسوں اور مجالس سمیت پورے ضلع میں سیکورٹی سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق یوم شہادت حضرت علی علیہ السلام کے موقع پر حفاظتی انتظامات ، صفائی ستھرائی اور دیگر انتظامی امور کو حتمی شکل دینے کے سلسلے میں ڈی سی آفس کے کانفرنس روم میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون سکھر محمد عثمان چاچڑ کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں ایس ایس پی سکھر عرفان سموں اور رینجرز کے ونگ کمانڈر لیفٹیننٹ کرنل عمران حیدر سمیت دیگر تمام افسران اور علماء کرام نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ اے ڈی سی ون محمد ایوب چاچڑ نے میونسپل انتظامیہ اور ٹی ایم ایز کو ہدایت کی کہ جلوسوں کے گرزگاہوں مجالس کے مقامات، امام بارگاہوں سمیت شہر و گردونواح میں صفائی ستھرائی کے انتظامات بہتر کیے جائیں جبکہ روشنی کا انتظام موثر کیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ڈی ایچ او کو ہدایت کی کہ یوم شہادت حضرت علی علیہ السلام کے موقع پر اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرکے ڈاکٹروں اور اسٹاف کی موجودگی کے ساتھ ادویات اور ایمبولینس کی دستیابی یقینی بنائی جائے ۔انہوں نے جلوس کے گزرگاہوں پر میڈیکل کیمپوں اور ایمبولینس ہمہ وقت تیار رکھنے کو بھی حکم دیا ۔ انہو ں نے کہا کہ علماء کرام اور انتظامی افسران پر مشتمل کمیٹی تشکیل دے کر مسائل کو حل کرنے کیا جائے گا ۔

رینجرز کے ونگ کمانڈر کرنل عمران حیدر نے تمام علماء کرام اور اسٹیک ہولڈرز پر زور دیا کہ یوم علی کے دوران ملکی حالات کے پیش نظر مذہبی ہم آہنگی اور رواداری کو ملحوظ رکھتے ہوئے اتحاد اور بھائی چارے کی فضا کو ہر صورت میں برقرار رکھنا ہوگا تاکہ ملک اور قوم کے دشمن اپنے مذموم مقصد میں کامیاب نہ ہوں تمام شہری مشکوک افراد پر نظر داری کرتے ہوئے فوری رابطہ کریں ۔ اس سے قبل علماء کرام نے صفائی ستھرائی سمیت دیگر شکایات سے آگاہ کیا جس پر اے ڈی سی ون محمد ایوب چاچڑ نے ان کو یقین دلایا کہ مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :