ملک کے مختلف علاقوں میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی، متعدد افراد جاں بحق

کئی علاقوں میں آسمانی بجلی گرنے کے بھی واقعات، ژالہ باری سے بھی فصلوں اور باغات کا شدید نقصان

muhammad ali محمد علی ہفتہ 25 مئی 2019 19:48

ملک کے مختلف علاقوں میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی، متعدد افراد ..
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔25 مئی 2019ء) ملک کے مختلف علاقوں میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی، متعدد افراد جاں بحق، کئی علاقوں میں آسمانی بجلی گرنے کے بھی واقعات، ژالہ باری سے بھی فصلوں اور باغات کا شدید نقصان۔ نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ میں فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق ملک کے مختلف علاقوں میں طوفانی بارش کے باعث متعدد افراد مختلف حادثات اور واقعات کا شکار ہو کر جاں بحق ہوگئے۔

ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور آندھی کے باعث مختلف حادثات میں 6 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ ملک کے مختلف حصوں میں بارش کے باعث حادثات میں کئی افراد جان سے چلے گئے، فیروز والا میں چھت گرنے سے 2 بچیاں جبکہ بھیرا میں دیوار گرنے سے 2 بچے جاں بحق ہو گئے۔ ایبٹ آباد کے علاقے جھنگی میں بارش کے پانی میں 13 سالہ بچہ ڈوب گیا۔

(جاری ہے)

لوئر دیر کے نواحی گاؤں دوآب میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص جاں بحق اور تین جھلس گئے۔

لوئر دیر میں ژالہ باری سے فصلوں اور باغات کو نقصان پہنچا۔ دوسری جانب بلوچستان میں بھی مسلسل 2 روز کی طوفانی بارشوں سے فصلوں کا بڑے پیمانے پر نقصان ہوا ہے۔ جبکہ کئی علاقوں میں سیلابی ریلوں نے لوگوں کے گھروں کو بھی شدید نقصان پہنچایا۔ اس کے علاوہ طوفانی بارش کے باعث گزشتہ شب کئی شہروں میں بجلی کی ترسیل بھی معطل رہی۔ لاہور میں 300 فیڈر ٹرپ ہونے سے کئی علاقوں میں سحری تک بجلی بند رہی۔

فیصل آباد، سرگودھا، میانوالی، کالاباغ، جوہر آباد، چنیوٹ میں بھی آندھی اور بارش کے باعث 40 فیڈرز سے بجلی کی فراہمی معطل رہی۔ موسم کا حال بتانے والوں کے مطابق ملک کے بیشتر حصوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا تاہم مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن، گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے عید کے بعد بھی بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کی پیشن گوئی کی ہے۔