مریدکے، ڈکیتی اور راہز نی کی درجنوں وارداتوں میں ملوث خطرناک گینگ کا سربراہ گرفتار ، اسلحہ اور لاکھوں روپے کی نقدی برآمد

ہفتہ 25 مئی 2019 22:27

مریدکی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 مئی2019ء) ایس ایچ او تھانہ سٹی انسپکٹر غلام حسین بھٹی نے ڈکیتی اور راہز نی کی درجنوں وارداتوں میں ملوث خطرناک گینگ کے سربراہ کو گرفتار کرکے اسلحہ اور لاکھوں روپے کی نقدی برآمد کر لی۔ خطرناک گینگ کے خلاف لاہور کے مختلف تھانوں میں ایک سو سے زائد مقدمات درج ہیں۔ملزمان پولیس یو نیفارم اور کیپ پہن کر وارداتیں کرتے اور مزاحمت پر شہریوں کو تشدد کا نشانہ بھی بناتے تھے۔

ڈی پی او شیخوپورہ نے پولیس پارٹی کے لیے انعامات اور تعریفی اسناد کا اعلان کیا ہے۔پولیس کے مطابق شہر میں موٹر سائیکل کے ذریعے ڈکیتی اور راہزنی کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کے خاتمہ کی غرض سے ایس ایچ او تھانہ سٹی انسپکٹر غلام حسین بھٹی کی قیادت میں پولیس پارٹی نے عام آدمی کا بھیس بدل کر شاہرات پر موٹر سائیکلوں کے ذریعے گشت کیا اور اسی دوران واردات کی نیت سے جی ٹی روڈ پر گشت کرنے والے خطرناک ڈاکوؤں کا تعاقب کرتے ہوئے شاہدرہ کے رہائشی اعجاز مصطفی نامی نوجوان کو گرفتار کر لیا جبکہ اس کا دوسرا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

(جاری ہے)

پولیس ریکارڈ کے مطابق ملزمان کے خلاف لاہور اور دیگر علاقوں میں ایک سو سے زائد مقدمات درج ہیں اور وہ علاقے بدل کر وارداتیں کرتے تھے۔ پولیس نے ملزم اعجاز کے قبضہ سے اسلحہ اور لاکھوں روپے کی نقدی و موبائل فونز برآمد کرکے گینگ کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارنا شروع کر دیئے ہیں۔ ڈی پی او شیخوپورہ غازی صلاح الدین نے پولیس پارٹی کے لیے تعریفی اسناد اور نقد انعامات کا اعلان کیا ہے۔

ڈی پی او کے مطابق اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ملازمین کو انعامات جبکہ ناقص کارکردگی کے حامل کو اظہار نا پسندیدگی کے نوٹس جاری کئے جائیں گے۔ انسپکٹر غلام حسین بھٹی کے مطابق دیگر ڈکیٹ گینگ کا بھی کھوج لگا لیا گیا ہے جنہیں جلد گرفتار کرکے جیل کا مہمان بنایا جائے گا۔