خاڑکمرواقعہ: شہباز شریف کا حقائق پارلیمنٹ کے سامنے لانے کا مطالبہ

واقعہ پر سیاست قومی جرم ہوگی، بندوقوں سے مسئلے حل نہیں ہوسکتے، اپنے گھر میں لڑائی، فساد اور افراتفری کا دشمنوں کو فائدہ ہوگا۔ قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی شہباز شریف کا ٹویٹ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار 26 مئی 2019 20:02

خاڑکمرواقعہ: شہباز شریف کا حقائق پارلیمنٹ کے سامنے لانے کا مطالبہ
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔26 مئی 2019ء) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ خاڑ کمر واقعہ کےتمام حقائق پارلیمنٹ کے سامنے لائے جائیں، خاڑ کمر واقعہ پر سیاست قومی جرم ہوگی، بندوقوں سے مسئلے حل نہیں ہوسکتے، اپنے گھر میں لڑائی، فساد اور افراتفری کا دشمنوں کو فائدہ ہوگا۔ انہوں نے ٹویٹر پر اپنے ردعمل میں کہا کہ خاڑ کمر واقعہ پر انتہائی افسوس ہوا۔

اللہ تعالی شہداء کے درجات بلند فرمائے اور لواحقین کو صبرجمیل دے۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی کیلئے بھی دعا کی ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ خاڑ کمر واقعہ پر سیاست قومی جرم ہوگی۔ خاڑ کمر واقعہ پر تمام حقائق پارلیمنٹ کے سامنے آنے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ بندوقوں سے مسئلے حل نہیں ہوسکتے۔

(جاری ہے)

اپنے گھر میں لڑائی، فساد اور افراتفری کا دشمنوں کو فائدہ ہوگا۔

سیاسی رہنمائی میں مذاکرات کے ذریعے مسائل کو حل کیا جائے۔ شہباز شریف نے کہا کہ خدارا پاکستان کیلئے اختلاف رائے کو دشمنی نہ بنایا جائے۔ تمام محب وطن صورتحال کی نزاکت دیکھتے ہوئے اپنا کردار ادا کریں۔ واضح رہے آئی ایس پی آر کے مطابق محسن داوڑ اور علی وزیر کی قیادت میں مسلح گروہ نے شمالی وزیرستان کے علاقہ خرقمر چیک پوسٹ پر حملہ کیا جہاں فائرنگ کے تبادلہ میں 3 حملہ آور ہلاک اور 10 زخمی ہوئے جبکہ پاک فوج کے 5 جوان زخمی ہوئے ۔

اتوار کو ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ گروہ کے حملے کا مقصد ممکنہ دہشت گردوں کو چھڑانا تھا۔گروہ کی فائرنگ سے پاک فوج کے 5 جوان بھی زخمی ہوگئے،حملے کے دوران جوانوں نے انتہائی صبر وتحمل کا مظاہرہ کیا، حملہ آوروں نے براہ راست فائرنگ کی ۔رکن قومی اسمبلی علی وزیر کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ محسن داوڑ مجمع کو اکسانے کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔زخمیوں کو طبی امداد کیلئے آرمی ہسپتال منتقل کردیا گیا۔