مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی جاری

ایک اور کشمیری کو شہید کردیا گیا‘ضلع کلگام کا محاصرہ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 29 مئی 2019 12:28

مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی جاری
سرینگر(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔29 مئی۔2019ء) مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی جاری، ایک اور کشمیری کو شہید کردیا گیا ہے. قابض بھارتی فوج نے آج صبح مقبوضہ کشمیر کے ضلع کلگام کا محاصرہ کیا اور گھر گھر تلاشی کے دوران فائرنگ کرکے ایک کشمیری کو شہید کر دیا ہے. بھارتی انتظامیہ نے کلگام میں انٹرنیٹ سروس بھی معطل کردی ہے، جبکہ گزشتہ روز بھی قابض بھارتی فوج نے اننت ناگ میں 2 کشمیریوں کو شہید کیا تھا.

تفصیلات کے مطابق ضلع کلگام میں قابض بھارتی فورسزکی فائرنگ سے ایک اورنوجوان شہید ہوگیا. کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ کشمیرکے ضلع کلگام میں آج پھربھارتی فورسز نے بربریت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک اورنوجوان کو شہید کردیا۔

(جاری ہے)

قابض بھارتی فورسزنے نوجوان کو آپریشن کی آڑمیں فائرنگ سے شہید کیا.شہادت کے باوجود ضلع میں بھارتی فورسزکا سرچ آپریشن تاحال جاری ہے.

گزشتہ روزبھی مقبوضہ کشمیرمیں 3 کشمیری نوجوانوں کو شہید کیا گیا تھا.  یاد رہے کہ بدھ کے روز بھی ضلع کلگام میں قابض بھارتی فورسزنے سرچ آپریشن کی آڑمیں مزید 2 کشمیریوں کوشہید کردیا تھا. کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ کشمیرکے ضلع کلگام میں قابض بھارتی فورسزنے ایک بارپھرجارحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ کی آڑمیں مزید دوکشمیریوں کوشہید کردیاتھا.

شہید ہونے والے ایک کشمیری کی شناخت زاہد احمد کے نام سے ہوئی ہے‘بھارتی سینیئرپولیس افسر کا دعوی ہے کہ شہید ہونے والا کشمیری عسکریت پسند تھا جو آپریشن کے دوران جاں بحق ہوگیا. شہادت کے بعد ضلع بھرمیں موبائل اورانٹرنیٹ سروس معطل کردی گئی تھی جبکہ کشمیریوں اوربھارتی فورسزکے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں. بھارتی فورسزکی جانب سے مظاہرین پرآنسوگیس کی شیلنگ کی گئی‘دوسری جانب ضلع شوپیاں، پلوامہ، بانڈی پورہ میں بھی قابض بھارتی فورسز نے سرچ آپریشن کیا.