پولیو وائرس کی موجودگی خطرے کی گھنٹی ہے،

والدین بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پھیلائیں‘ ڈاکٹرسید عابد

ہفتہ 1 جون 2019 13:50

پولیو وائرس کی موجودگی خطرے کی گھنٹی ہے،
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جون2019ء) پولیو کے خاتمے میں یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی بنوں بھرپور کردار اداکرے گی، والدین کو بھی چاہئے کہ وہ اس ہنگامی صورت حال میں بغیر کسی رکاوٹ کے اپنے بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پھیلائیں۔ یہ بات وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سید عابد علی شاہ نے پاکستان پولیو پروگرام کے اعلی عہدیداران سے ملاقات میں کہی جن میں عالمی ادارہ صحت کے تکنیکی سربراہ ڈاکٹر سرفراز، کمیونیکیشن سپیشلسٹ اعجاز الرحمن اور میڈیا کوآرڈینیٹر ذوالفقار علی باباخیل شامل تھے۔

انہوں نے کہا کہ بنوں ڈویژن میں پولیو وائرس کی مسلسل موجود گی خطرے کی گھنٹی ہے جس کی وجہ سے صرف بنوں ڈویژن سے پولیو کے پانچ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آگاہی مہم سے والدین کے ذہنوں سے پولیو قطروں کے بارے میں پائی جانے والی غلط فہمی کو دور کیا جاسکتا ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وائس چانسلر بنوں یونیورسٹی پروفیسر عابد علی نے کہا کہ قوم کے مستقبل کو اس موذی بیماری سے بچانا ہم سب کا فر یضہ ہے۔

عید کے بعد ہونے والی خصوصی انسداد پولیو مہم کی ناصرف ہم بھرپور حمایت کرتے ہیں بلکہ انسداد پولیو مہم کو کامیاب بنانے میں بھی اپنا کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں کا مقصد صرف تعلیم دینا ہی نہیں بلکہ ساتھ ساتھ عملی بنیاد پر معاشرے کی بہتری میں اپنا کردار ادا کرنا بھی ہے۔