مار نہیں پیار‘‘ کا نعرہ سکولوں کی دیواروں پر لکھا اچھا لگتا ہے، ماڈل ٹائون کے قاتل شہباز شریف کو گرفتار کیا جا ئے‘خرم نواز گنڈا پور

کور کمیٹی اور سنٹرل ورکنگ کونسل کا مشترکہ اجلاس11جون کو ہو گا، 17جون کو آئندہ کالائحہ عمل دینگے، قانون آج بھی نون کا رکھوالا ہے‘ سیکرٹری جنرل عوامی تحریک

پیر 10 جون 2019 21:47

مار نہیں پیار‘‘ کا نعرہ سکولوں کی دیواروں پر لکھا اچھا لگتا ہے، ماڈل ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جون2019ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹائون کیس کے حوالے سے کور کمیٹی اور سنٹرل ورکنگ کونسل کا مشترکہ اجلاس 11جون منگل کو مرکزی سیکرٹریٹ میں ہو گا۔اجلاس میں سانحہ ماڈل ٹائون کیس جو مختلف عدالتوں میں زیر سماعت ہے میں انصاف کے حوالے سے پیش رفت اور حائل رکاوٹوں پر بات ہو گی۔

وکلاء ٹیم بریفنگ دے گی اور17جون شہداء کی 5ویں برسی کے حوالے سے مشاورت ہوگی۔گزشتہ روز انہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ سانحہ ماڈل ٹائون کے ماسٹر مائنڈ شہباز شریف،حمزہ شہباز،رانا ثناء اللہ دندناتے پھر رہے ہیں ان قاتلوں کو ریلیف دینے کیلئے جے آئی ٹی کو کام مکمل کرنے سے روکا گیا۔

(جاری ہے)

ہمارا مطالبہ ہے کہ سرغنوں کو ماڈل ٹائون کیس میں گرفتار کیا جائے۔

احتساب اور پکڑ دھکڑ کے حوالے سے شور زیادہ مچایا جا رہا ہے عملاً ڈاکوئوں اور لٹیروں کو ریلیف مل رہے ہیں اور ایک پائی کی ریکوری نہیں ہوئی۔شہدائے ماڈل ٹائون کے مظلوم ورثاء نواز شریف کو14بے گناہوں کے قتل عام کی منصوبہ بندی کرنے کے جرم میں جیل کی سلاخوں کے پیچھے بند دیکھنا چاہتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ یہ کیسا احتساب ہے کہ نواز شریف کے سوا سارا خاندان یا تو ضمانتوں پر ہے یا مفرور ہے۔

یہ ظالم نظام اور اس کے تحت بنے ہوئے قانون آج بھی نون کو سپورٹ کر رہے ہیںاور قوم کی آنکھوں میں دھول جھونکی جا رہی ہے۔ نیب پیار سے پیش آتا رہا تو لٹیرے ایک پائی واپس نہیں کرینگے۔’’مار نہیں پیار‘‘ کا نعرہ پرائمری سکولوں کی دیواروں پر لکھا اچھا لگتا ہے۔انہوں نے کہا کہ قانونی راستے پر چل رہے ہیں ہمارے صبر کو مزید نہ آزمایا جائے،ڈاکوئوں اور قاتلوں کو ریلیف دینے والے انسانیت ،اللہ اور اسکے رسول کے مجرم ہیں۔17جون کو آئندہ کا لائحہ عمل دینگے۔