اللہ کا نظام ہے کہ وہ انجام تک پہنچاتا ہے ، مصطفی کمال

الطاف حسین کو ان کے کاموں کے سزا ملی،شہر برباد کردیا،ایم کیوایم نے 35 برسوں میں کوئی کام نہیں کیا،خاندانوں کو تباہ کردیا، سربراہ پاک سرزمین پارٹی کی میڈیا سے گفتگو

منگل 11 جون 2019 23:31

اللہ کا نظام ہے کہ وہ انجام تک پہنچاتا ہے ، مصطفی کمال
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 جون2019ء) پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفی کمال نے کہا ہے کہ اللہ کا نظام ہے کہ وہ انجام تک پہنچاتا ہے۔ الطاف حسین کو ان کے کاموں کے سزا ملی،شہر برباد کردیا،ایم کیوایم نے 35 برسوں میں کوئی کام نہیں کیا،خاندانوں کو تباہ کردیا۔میڈیا سے بات کرتے ہوئے مصطفی کمال نے کہا کہ کراچی کے لوگوں کو کریڈٹ دوں گا کہ انھوں نے اپنا راستہ صحیح کیا ہے، ان میں اتنی جرات اور احساس ہوگیا کہ جو شخص ان کو غلط راستہ پر لے گیا، اس سے راستہ بدل لیا۔

انھوں نے کہا کہ اس شخص کے خلاف پہلی آواز پاک سرزمین پارٹی نے لگائی،لفظوں کو توڑمروڑ کر نہیں پیش کیا گیا،لوگوں سے سیدھی بات کی، جو باتیں کہی تھیں وہ درست ثابت ہوئیں،لوگوں نے آواز سن کر خود کو تبدیل کرنا چاہا۔

(جاری ہے)

مصطفی کمال نے کہا کہ کراچی کے لوگوں نے لاشیں دیکھ لیں،قبرستان آباد ہوگئے، لڑکے لاپتہ ہوگئے، جیلوں میں چلے گئے۔ الطاف حسین رات کو تقریر کرتے تھے اور صبح مہاجر قوم کے نوجوانوں شرمندہ گھومتے تھے،لاپتہ ہوجاتے تھے،آپس پر لڑتے تھے۔

سربراہ پاک سرزمین پارٹی نے مزید کہا کہ ان کی جماعت کے 7 افراد اب تک شہید ہوچکے ہیں، مرنے والے اور مارنے والے مہاجر ہیں، یہ کیسا بابائے مہاجر ہیں جنھوں نے اپنے ہی نوجوانوں کو مروادیا۔ الطاف حسین کی گرفتاری کے بعد ان کے قریبی لوگ بھی غائب ہوچکے ہیں۔#