پیمرا نے چئیرمین نیب کے مبینہ سکینڈل کی وڈیو نشر کرنے پر نیوز چینل کو 10 لاکھ روپے جرمانہ کر دیا

نیوز ون نے 23 مئی 2019 کو چیئرمین نیب کی کردار کشی پر مبنی مواد نشر کرکے ادارے کی ساکھ کو نقصان پہنچایا، پریس رلیز

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ بدھ 12 جون 2019 23:21

پیمرا نے چئیرمین نیب کے مبینہ سکینڈل کی وڈیو نشر کرنے پر نیوز چینل کو ..
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔ 12جون2019ء ) : پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی نے چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کی مبینہ سکینڈل کی ویڈیو نشر کرنے پر نیوز ون پر جرمانہ عائد کردیا ہے۔ پیمرا نے ایک پریس رلیز جاری کی ہے۔ اس پریس ریلیز میں نیوز ون پر جرمانے کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ نیوز ون نے گزشتہ ماہ23 تاریخ کو چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کی کردار کشی پر مبنی مواد نشر کر کے نیب کے ادارے کی ساکھ کو نقصان پہنچایا جس پر پیمرا نے چینل کو 10 لاکھ روپے جرمانہ کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ مذکورہ نیوز چینل نے 23 مئی 2019 کو کچھ ویڈیوز اور ایک ٹیلی فونک کال کی ریکارڈنگ نشر کی تھی جس کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ چیئرمین نیب ایک خاتون کو ہراساں کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

نیب کی جانب سے اس خبر کی تردید آنے کے بعد نیوز ون نے خبر پر معافی مانگ لی تھی اور کہا تھا کہ یہ ویڈیوز جعلی تھیں لیکن چیئرمین نیب کی مبینہ ویڈیوز اور آڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس پر انہیں شدید تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑا تھا۔

بعد ازاں سکینڈل والی ویڈیو میں موجود خاتون بھی سامنے آگئی جس نے مبینہ طور پہ چیئرمین نیب کی ویڈیوز ریکارڈ کی تھیں، خاتون کی شناخت طیبہ فاروق کے نام سے ہوئی جس کے بارے میں نیب نے بتایا کہ اس کے خلاف پہلے ہی مختلف شہروں میں 42 مقدمات درج ہیں اور وہ ایسے ہی سرکاری افسران کو بلیک میل کرتی ہے اور اس کام میں کئی دوسرے افسران بھی خاتون کے ساتھ شامل ہیں جبکہ اسکا خاوند پہلے ہی جیل میں ہے۔ اب پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی نے چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کی مبینہ سکینڈل کی ویڈیو نشر کرنے پر نیوز ون پر 10لاکھ روپے جرمانہ عائد کردیا ہے۔