ایبٹ آباد،ضلعی پولیس سربراہ کی زیر صدارت ماہانہ کرائم میٹنگ ، مئی کی کارکردگی رپورٹ جاری

ہفتہ 15 جون 2019 00:06

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جون2019ء) ضلعی پولیس سربراہ عباس مجید خان مروت کی زیر صدارت ماہانہ کرائم میٹنگ کے دوران ماہ مئی کی کارکردگی رپورٹ جاری کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق ضلعی پولیس سربراہ ایبٹ آباد عباس مجید خان مروت کی زیر صدارت ضلعی پولیس ہیڈ کوارٹر ایبٹ آباد میں ماہ مئی کے کرائم کے حوالہ سے خصوصی ماہانہ کرائم میٹنگ منعقد ہوئی۔

میٹنگ میں ایس پی انوسٹی گیشن عزیز خان آفریدی، ایس پی ٹریفک وارڈن پولیس محمد اشتیاق، جملہ ایس ڈی پی اوز، ڈی ایس پی وومن نازیہ نورین، ڈی ایس پی لیگل رضا محمد خان، ڈی ایس پی انوسٹی گیشن شاہنواز خان، ضلع ایبٹ آباد کے تمام تھانہ جات کے ایس ایچ اوز اور تفتیشی افسران، انچارج ڈی ایس بی اور پولیس لائن اور دفاتر کے جملہ شعبہ جات کے انچارج صاحبان نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

میٹنگ کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔ خطاب کے دوران ضلعی پولیس سربراہ ایبٹ آباد عباس مجید خان مروت نے عید الفطر اور رمضان المبارک کے موقع پر ٹریفک اور سیکورٹی سمیت دیگر انتظامات کے حوالہ سے رمضان بازاروں، پبلک مقامات پر امن و امان اور عید کے موقع پر آنے والے سیاحوں کی ہر ممکن امداد کو یقینی بنانے اور ٹریفک کے انتظامات کو بہترین رکھنے پر ایس پی قمر حیات، ایس پی ٹریفک محمد اشتیاق جملہ پولیس افسران اور ضلع اور ٹریفک پولیس کے جوانوں اور دیگر سٹاف کو مبارک باد دی اور ان کی کارکردگی کو سراہا۔

اس موقع پر ضلع بھر کے پولیس افسران کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور ضروری ہدایات دی گئیں جبکہ شہروں، بازاروں اور ٹریفک کے حوالہ سے سیکورٹی اور پارکنگ کے بہترین انتظامات یقینی بنانے کی ہدایات دی۔ جملہ افسران کو اپنے اپنے علاقوں میں کار لفٹروں کے خلاف کاروائیاں عمل میں لانے کی ہدایات کی۔ اس موقع پر ضلعی پولیس سربراہ نے منشیات فروشوں خصوصی طور پر آئس کے ڈیلروں اور استعمال کرنے والوں کے خلاف مہم کا آغاز کرنے اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف بھرپور قانونی کاروائی کرنے کے احکامات جاری کئے۔

انسدادی کارروائی کے حوالہ سے تمام ایس ایچ اوز کو وقت پر کاروائی عمل میں لانے کی تلقین کرتے ہوئے بڑے حادثات کی روک تھام کے سلسلہ میں ان کاروائیوں میں مزید تیزی لانے کی ہدایات دیں۔ مجرمان اشتہاریوں کے حوالہ سے بات کرتے ہوئے ضلعی پولیس سربراہ نے جملہ ایس ایچ اوز کو مجرمان اشتہاریوں کے ممکنہ ٹھکانوں پر چھاپہ زنیاں کرنے اور ان کے سہولت کاروں، پناہ فراہم کرنے والوں کے خلاف بھرپور اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔

ضلع ایبٹ آباد کی ماہ مئی کی کارکردگی رپورٹ جاری کر دی گئی، منشیات فروشوں کے خلاف کاروائی کے دوران ضلع پولیس نے 70 کلوگرام چرس، 8 کلو گرام ہیروئن، 50 بوتل شراب اور آدھا کلو آئس برآمد کی گئی، ناجائز اسلحہ کے خلاف کاروائیوں کے دوران دو کلاشنکوف، 10 رائفلیں، 47 بندوقیں، 45 پستول اور 1049 کارتوس مختلف بور کے برآمد کئے گئے جبکہ عید کے موقع پر آتش بازی کا مظاہرہ کرنے والوں کے خلاف بھرپور کریک ڈائون کے دوران ایک ہزار سے زائد گولے برآمد کئے گئے جبکہ ماہ مئی کے دوران مجرمان اشتہاریوں کے خلاف کاروائیاں عمل میں لاتے ہوئے 22 مجرمان اشتہاری گرفتار کئے گئے۔