Live Updates

نیب کی جانب سے گرفتاری کے بعد سبطین خان صوبائی وزیرکے عہدے سے مستعفی

دامن صاف ہے، اس کے باوجود اپنے عہدے سے مستعفی ہوتا ہوں. وزیرجنگلات پنجاب

Mian Nadeem میاں محمد ندیم ہفتہ 15 جون 2019 12:03

نیب کی جانب سے گرفتاری کے بعد سبطین خان صوبائی وزیرکے عہدے سے مستعفی
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔15 جون۔2019ء) قومی احتساب بیورو (نیب )کی جانب سے گزشتہ روز گرفتار کیے جانے والے وزیر جنگلات پنجاب سبطین خان نے استعفیٰ دے دیا ہے. نیب نے وزیر جنگلات پنجاب سبطین خان کو جسمانی ریمانڈ کے استدعا کے لیے احتساب عدالت میں پیش کیاسبطین خان نے نیب کی جانب سے احتساب عدالت میں پیش کیے جانے کے موقع پر اپنے استعفے پر دستخط کر دیئے.

دستخط کے بعد سبطین خان نے اپنا استعفیٰ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور پارٹی قیادت کو ارسال کر دیا ہے‘صوبائی وزیر جنگلات سبطین خان کو دورانِ انکوائری کرپشن کے الزام میں گزشتہ روز نیب نے گرفتار کیا تھا.

(جاری ہے)

نیب حکام کے مطابق سبطین خان پر چنیوٹ میں اربوں روپے کے ٹھیکوں میں من پسند کمپنی کو نوازنے کا الزام ہے‘صوبائی وزیرکے استعفی سے وزیراعظم عمران خان و دیگر پارٹی قیادت کو بھی آگاہ کردیا ہے.

سبطین خان کا کہنا ہے کہ میرا دامن صاف ہے، اس کے باوجود اپنے عہدے سے مستعفی ہوتا ہوں‘ نیب ٹیم نے سبطین خان کو احتساب عدالت میں پیش کردیا ہے جہاں ان کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست کی جائے گی. سبطین خان کی جانب سے جولائی 2007 میں ای آر پی ایل نامی ایک کمپنی کو ٹھیکہ فراہم کرنے کے غیرقانونی احکامات جاری کیے گئے اور ٹھیکہ قوانین سے انحراف کرتے ہوئے فراہم کیا گیا.

خیال رہے سبطین خان وزیراعظم کے آبائی حلقے میانوالی پی پی 88 میانوالی چار سے پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ پر منتخب ہوئے اور پھر وزیر جنگلات و جنگلی حیات بنے، سبطین خان 2007 میں صوبائی وزیر معدنیات رہ چکے ہیں. یاد رہے اس سے قبل نیب لاہور نے آمدن سے زائد اثاثہ جات اورآف شورکمپنیوں کیس میں پنجاب کے سینئر وزیر عبدالعلیم خان کو گرفتار کیا تھا . سبطین خان 2007 میں مسلم لیگ (ق )کی حکومت میں صوبائی وزیر معدنیات تھے، ان پر چنیوٹ میں اربوں روپے کے ٹھیکے میں من پسند کمپنی کو نوازنے کا الزام ہے. نیب کے مطابق صوبائی وزیر نے اربوں روپے مالیت کے معدنی وسائل 25 لاکھ مالیت کی کمپنی کو فراہم کیے.
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات