Live Updates

پی ٹی آئی کا صوبہ جنوبی پنجاب کے حوالے سے تاریخی فیصلہ

جنوبی پنجاب میں صوبے کی سطح کی تنظیم سازی کی جائے گی، وزیراعظم نے چیف آرگنائزرسیف اللہ نیازی کو تنظیم سازی کی ذمہ داری سونپ دی

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 15 جون 2019 20:13

پی ٹی آئی کا صوبہ جنوبی پنجاب کے حوالے سے تاریخی فیصلہ
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔15 جون 2019ء) تحریک انصاف نے صوبہ جنوبی پنجاب کے حوالے سے تاریخی فیصلہ کرلیا، جنوبی پنجاب کیلئے صوبے کی سطح کی تنظیم سازی کی جائے گی، وزیراعظم عمران خان نے چیف آرگنائزرسیف اللہ نیازی کو تنظیم سازی کی ذمہ داریاں سونپ دیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے چیف آرگنائزرتحریک انصاف سیف اللہ نیازی کی ملاقات کی۔

ملاقات میں تحریک انصاف کی تنظیم نو کے حوالے سے اہم امورپرتبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال کا بھی تفصیلی جائزہ بھی لیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے چیف آرگنائزرکو محنتی کارکنان کو تحریک کی ذمہ داریاں سونپنے کی ہدایت کردی ہے۔ چیف آرگنائزرسیف اللہ نیازی نے کہا کہ پی ٹی آئی جنوبی پنجاب کےعوام کے سیاسی وانتظامی حقوق کیلئے متحرک ہے۔

(جاری ہے)

جنوبی پنجاب کیلئے صوبے کی سطح کی تنظیم سازی کریں گے۔ اس سے قبل وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت پارٹی رہنماؤں اور ترجمانوں کا اعلیٰ سطحی اجلا س ہوا۔اجلاس میں وزیراعظم کو اعلیٰ سطحی تحقیقاتی کمیشن سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ مشیر خزانہ حفیظ شیخ نے وزیراعظم کو بجٹ اہداف سے متعلق بریفنگ دی۔ چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے وزیراعظم کوٹیکس اصلاحات اور اہداف سے متعلق بریفنگ دی۔

وزیراعظم نے کہا کہ تحقیقاتی کمیشن جلد قائم کیا جائے گا۔ کمشین کا مقصد 24 ہزار ارب قرض کی تحقیقات کرنا ہے۔ تحقیقاتی کمیشن اقامہ رکھنے والوں کا بھی احتساب کرے گا۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان کی معیشت مستحکم ہوچکی ہے۔ کٹھن راستہ عبور کرلیا ہے۔ اب وقت ہے معیشت ٹیک آف کرے گی۔ ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچا لیا۔30 فیصد کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں کمی آئی ہے۔

پاکستان کی تاریخ سب سے بڑا سود دے رہے ہیں۔ ملک کا 4 ہزار ریونیو میں سے 2 ہزار قرضوں کی واپسی میں چلا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام کوغربت کی لکیر سے اوپر لانا پی ٹی آئی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ احساس پروگرام کا بجٹ 100 ارب سے 191 ارب کردیا گیا ہے۔ انہوں نے اپوزیشن کے گرفتاریوں کے تحفظات پر کہا کہ گرفتار ہونے والے این آرا وکی تلاش میں ہیں۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں پاک بھارت کے درمیان کل ہونے والے میچ پر بھی بات چیت ہوئی۔ پارٹی رہنماء نے کہا کہ کاغزستان میں جو حشر مودی کا ہواہے وہی بھارتی ٹیم کا ہوگا۔ جس پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کھلاڑیوں کو دلیری سے دکھانا ہوگی، کھلاڑیوں کو چاہیے کہ ہارکے ڈر کو بھول کردلیری سے کھیلیں۔ واضح رہے وزیراعظم عمران خان نے بشکک کے دورے سے وطن واپسی پر آج بنی گالہ میں پارٹی رہنماؤں کا اجلاس طلب کیا تھا۔

بتایا گیا ہے کہ اجلاس میں سیاسی صورتحال اور وفاق اور پنجاب میں بجٹ سے متعلق آئندہ کے لائحہ پر مشاورت کی گئی۔ اجلاس میں قومی اسمبلی میں آئندہ کی حکمت عملی اپنانے سے متعلق بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ جبکہ اجلاس میں پارٹی بیانیہ سے بھی ترجمانوں کو بھی آگاہ کیا گیا ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات