چیئرمین مرکزی علماء کونسل صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی کی محمد بلال خان کی نماز جنازہ میں شرکت

محمد بلال خان نڈر،بے باک اور اعتدال پسند طبقے کا ایک فرد تھا،اگر مولانا سمیع الحق شہید کے قاتل گرفتار کرلئے جاتے تو آج یہ سانحہ رونما نہ ہوتا،حکومت مولانا سمیع الحق شہید اور محمد بلال خان شہید کے قاتلوں کو فوری طور پر گرفتارکرے،شرکاء سے خطاب

پیر 17 جون 2019 17:34

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جون2019ء) مرکزی علماء کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے معروف نوجوان صحافی محمد بلال خان کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔ جنازہ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ محمد بلال خان نڈر،بے باک اور اعتدال پسند طبقے کا ایک فرد تھا۔اس نے ہمیشہ دلیل،ٹیبل ٹاک اور مکالمہ کو فروغ دیا ۔

گالی ، گولی اور تشدد کے راستے کو کبھی اختیار نہیں کیا۔

(جاری ہے)

افسوس ہے کہ اس ملک میں جولوگ قلم،کاغذ، تعلیم،کتاب اور مکالمہ کو فروغ دیتے ہیں اور دلیل سے گفتگو کرتے ہیں ایسے لوگوں کو بھی راستہ سے ہٹادیا گیا ۔مولانا سمیع الحق شہید کی طرح محمد بلال خان کو بھی اسلام آباد میں چھریوں کے وار کرکے شہید کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر مولانا سمیع الحق شہید کے قاتل گرفتار کرلئے جاتے تو آج یہ سانحہ رونما نہ ہوتا۔ صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے کہا کہ ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ مولانا سمیع الحق شہید اور محمد بلال خان شہید کے قاتلوں کو فوری طور پر گرفتارکیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی علماء کونسل محمد بلال خان شہید کے اہل خانہ کے غم میں برابر کی شریک ہے۔