روپے کی قدرجون کی ادائیگیوں کی وجہ سے کم ہورہی ہے، باقر رضا

آئی ایم ایف کوملکی فائدے کیلئے استعمال کروں گا، آئی ایم ایف میں کام کرچکا ہوں، آئی ایم ایف معاہدہ معیشت کیلئے معاون ثابت ہوگا۔ گورنراسٹیٹ بینک باقر رضا کی پریس کانفرنس

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 17 جون 2019 18:03

روپے کی قدرجون کی ادائیگیوں کی وجہ سے کم ہورہی ہے، باقر رضا
کراچی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔17 جون 2019ء)   گورنراسٹیٹ بینک باقر رضا نے کہا ہے کہ روپے کی قدرجون کی ادائیگیوں کی وجہ سے کم ہورہی ہے، آئی ایم ایف کوملکی فائدے کیلئے استعمال کروں گا، آئی ایم ایف میں کام کرچکا ہوں، آئی ایم ایف معاہدہ معیشت کیلئے معاون ثابت ہوگا۔ انہوں نے آج یہاں اپنی پہلی پریس کانفرنس میں کہا کہ بیرونی اورمالیاتی خسارے میں کمی آناشروع ہوگئی،ملک میں غیریقینی کی صوتحال کو ختم کرنے کیلئے لوگوں کا اعتماد بحال کرنا ہوگا، کیونکہ ملک میں کافی حد تک استحکام آنا شروع ہوگیا ہے، ہم اپنے معاشی مستقبل سے پرامید ہیں۔

ہمارا ایکسچینج ریٹ کافی عرصے تک فکسڈ رہا، ایکسچینج ریٹ کومارکیٹ سے منسلک کرنے سے برآمدات میں اضافہ ہوگا۔ ترسیلات زر بڑھنے سے ایکسچینج ریٹ میں کمی آتی ہے۔

(جاری ہے)

عید سے پہلے ترسیلات بڑھنے سے ایکسچینج بہترہوا۔ ایکسچینج ریٹ متحرک ہونے کے بعد خسارہ کم ہوا ہے۔ مارکیٹ میں ایکسچینج ریٹ صنعت کو تحفظ دیتا ہے۔ رواں مالی سال کیلئے حکومت اسٹیٹ بینک سے کوئی قرضہ نہیں لے گی۔

ماضی میں حکومتیں اسٹیٹ بینک سے قرض لیتی تھیں۔ حکومتی کفایت شعاری بجٹ خسارہ کم ہوگا۔بجٹ میں مالیاتی خسارہ کنٹرول کیا جائے گا۔ شرح سود پر بتایا کہ شرح سود کے حوالے سے تین باتیں دیکھی جاتی ہیں کہ مہنگائی ، مالیاتی صورتحال مستحکم ہے، گروتھ کو پروموٹ کیسے کیا جائے؟ اچھے بینک ان تینوں چیزوں کو لے کرچلتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جو مہنگائی ہوچکی ہے اس کو نہیں اب مستقبل کو دیکھنا ہے۔

باقررضا نے کہا کہ آئی ایم ایف سے ہمیں 6 ارب ڈالر ملیں گے۔ ہمارا اصلاحاتی پروگرام کو بین الاقوامی کمیونٹی سپورٹ کررہی ہے۔ آئی ایم ایف کے ساتھ سٹاف لیول معاہدہ ہوچکا ہے۔آئی ایم ایف بورڈ کی میٹنگ تین جولائی کوہوگی۔ ہماری طرف سے تمام شرائط پوری کردی گئی ہیں۔ آئی ایم ایف میں کام کرچکا ہوں۔ آئی ایم ایف کے تجربے کوملکی فائدے کیلئے استعمال کروں گا۔

آئی ایم ایف کیساتھ معاہدہ معیشت کے لیے معاون ثابت ہوگا۔ معاہدہ ہمارے معاشی اصلاحات پروگرام پرآئی ایم ایف کے اعتماد کا مظہرہے۔ گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا کہ آج کل جون کی ادائیگیوں کا دباؤ ہے اس لیے روپے کی قدر کم ہورہی ہے۔ گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا کہ شرح سود کو آنیوالے دونوں میں مہنگائی کو مدنظر رکھتے ہوئے وضع کرتے ہیں۔ اسٹیٹ بینک مہنگائی کو قابو میں رکھنے کے لیے ہرممکن اقدامات کرے گا۔