Live Updates

وزیر اعظم عمران خان کی اراکین اسمبلی کو بجٹ کی منظوری کے عمل میں متحرک کردار ادا کرنے کی تاکید

بجٹ پر بحث کے دوران اپوزیشن کی جانب سے اسمبلی کی کارروائی میں دانستہ طور پر خلل ڈالنے کی کوشش افسوس ناک ہے،موجودہ حکومت نے اپنے دور اقتدار کے پہلے دس مہینوں میں مشکل ترین حالات کا سامنا کیا ہے، سابقہ حکومتوں نے ملک کو قرضوں کی دلدل میں دھکیلا، بیرونی قرضوں پر شاہانہ طرز زندگی اختیار کیا، محض دس سالوں میں 24 ہزار ارب قرضوں میں اضافہ کیا گیا جس کی تحقیقات کے لیے کمیشن بنایا گیا ہے، عوام نے پی ٹی آئی کو اسٹیٹس کو کو توڑنے اور کرپٹ عناصر کے خلاف فیصلہ کن جنگ کا مینڈیٹ دیا ہے وزیر اعظم عمران خان کا پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب

پیر 17 جون 2019 18:54

وزیر اعظم عمران خان کی اراکین اسمبلی کو بجٹ کی منظوری کے عمل میں متحرک ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جون2019ء) وزیر اعظم عمران خان نے اراکین اسمبلی کو بجٹ کی منظوری کے عمل میں متحرک کردار ادا کرنے کی تاکید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بجٹ پر بحث کے دوران اپوزیشن کی جانب سے اسمبلی کی کارروائی میں دانستہ طور پر خلل ڈالنے کی کوشش افسوس ناک ہے۔ یہ بات انہوں نے پیر کو یہاں پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی جو پارلیمنٹ ہاؤس منعقد ہوا۔

وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ حکومت نے اپنے دور اقتدار کے پہلے دس مہینوں میں مشکل ترین حالات کا سامنا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے جب حکومتی باگ دوڑ سنبھالی تو ملک بدترین مالی مشکلات کا شکار تھا، مشکل حالات میں متحدہ عرب امارات، سعودی عرب اور چین جیسے دوست ممالک کی جانب سے تعاون کے مشکور ہی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومتوں نے ملک کو قرضوں کی دلدل میں دھکیلا، ملکی آمدن کا تقریبا آدھا حصہ قرضوں کی قسطیں ادا کرنے میں صرف ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماضی کے حکمرانوں نے بیرونی قرضوں پر شاہانہ طرز زندگی اختیار کیا، محض دس سالوں میں 24 ہزار ارب قرضوں میں اضافہ کیا گیا جس کی تحقیقات کے لیے کمیشن بنایا گیا ہے تاکہ ذمہ داروں کا تعین کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ قوم کو قرضوں میں جکڑ کر ذاتی تجوریاں بھرنے والے قومی مجرم ہیں ان سے مجرموں والا سلوک کیا جانا چاہیے، پاکستان کی عوام نے پی ٹی آئی کو اسٹیٹس کو کو توڑنے اور کرپٹ عناصر کے خلاف فیصلہ کن جنگ کا مینڈیٹ دیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کی کوششوں سے معاشی استحکام آیا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات