وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کا اجلاس

پیر 17 جون 2019 23:25

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جون2019ء) کابینہ کی کمیٹی برائے نجکاری نے وزارت توانائی کو تجویزکردہ مدت مکمل کرنے اورنقصان میں جانے والے جینکوز کو بند کرنے کا عمل تیز کرنے کیلئے تجاویزدینے اور وزارت صنعت وپیداوار ونجکاری کمیشن کو آئندہ اجلاس میں پاکستان سٹیل ملز کی نجکاری کیلئے تجاویزمرتب کرنے کی ہدایت کی ہے۔

کابینہ کی کمیٹی برائے نجکاری کا اجلاس پیر کو یہاں وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ، محصولات و اقتصادی امور ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ توانائی کے شعبہ میں اصلاحات سے متعلق ٹاسک فورس کی رپورٹ پیش کرتے ہوئے وزارت توانائی کی جانب سے کمیٹی کو مختلف ڈسکوز کو درپیش چیلنجوں پر بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں توانائی کے شعبہ کی کارکردگی میں بہتری بالخصوص مختلف ڈسکوز کی استعداد کار میں بہتری اور نقصانات میں کمی سے متعلق ٹاسک فورس کی مختلف سفارشات اور اقدامات کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

کمیٹی نے وزارت توانائی کو تجویزکردہ مدت مکمل کرنے اورنقصان میں جانے والے جینکوز کو بند کرنے کا عمل تیز کرنے کیلئے تجاویزدینے کی ہدایت کی۔اجلاس میں پاکستان سٹیل ملز کی نجکاری کا معاملہ بھی زیربحث آیا۔ کمیٹی نے وزارت صنعت وپیداوار اورنجکاری کمیشن کو آئندہ اجلاس میں تجاویزمرتب کرنے کی ہدایت کی ۔ ہاوس بلڈنگ فنانس کارپوریشن کو نجکاری کی لسٹ سے نکالنے کا معاملہ آئندہ اجلاس میں پیش کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔ اجلاس میں وزیرنجکاری محمد میاں سومرو، وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داود،مختلف وفاقی سیکرٹریز اور سینئرحکومتی اہلکاروں نے شرکت کی۔