Live Updates

پلوامہ میں بھارتی فوج کی گاڑی پر بم حملہ

پاکستانی انٹیلی جنس اداروں نے 2دن پہلے ہی بھارت کو حملے سے خبردار کر دیا تھا، بھارتی میڈیا

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ پیر 17 جون 2019 23:45

پلوامہ میں بھارتی فوج کی گاڑی پر بم حملہ
پلوامہ(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 17جون2019) پلوامہ میں بھارتی فوج کی گاڑی پر ایک بار پھر حملہ ہوا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق پلوامہ میں بھارتی فوج کی راشٹریا رائفلز 44کی گاڑی پر بم سے حملہ کیا گیا ہے، بھارتی میڈیا نے بتایا ہے کہ حملے میں استعمال ہونے والا بم دیسی ساختہ تھا۔ بم حملے کے بعد حملہ آوروں اور بھارتی فوج کے درمیان جھڑپ شروع ہو گئی اور کافی دیر تک یہ جھڑپہ جاری رہی۔

بھارتی نجی ٹی وی چینل نے بتایا ہے کہ پلوامہ میں حملے سے پہلے اننت ناگ میں بھی بھارتی فوجیوں پر حملہ ہوا ہے جس میں ایک بھارتی میجر اور تین فوجی جوان ہلاک ہو گئے اور اب پلوامہ میں بھارتی فوج کی گاڑی پر حملہ ہوا ہے، بھارتی میڈیا کے مطابق پلوامہ حملہ اریہال گاؤں کے قریب ہوا جس میں فوجی گاڑی کو نقصان پہنچا ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ پاکستانی خفیہ اداروں نے 2دن پہلے بھارت کو اطلاع دی تھی کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج پر دیسی ساختہ بم سے حملہ ہو سکتا ہے جس کے بعد علاقے کی سیکیورٹی بڑھا دی گئی تھی اس کے باوجود آج بھارتی فوج کی گاڑی پر حملہ ہو گیا اور حملہ آوروں کے ساتھ جھڑپ بھی ہوئی۔

یاد رہے کہ رواں سال فروری میں پلوامہ میں ہی بھارتی فوجی بس پر حملہ ہوا تھا جس میں 44بھارتی فوجی ہلاک ہو گئے تھے جس کے بعد بھارت نے اس حملے کا الزام پاکستان پر لگانا شروع کر دیا تھااور پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی بڑھ گئی تھی۔اسی کشیدگی کے دوران بھارت نے پاکستان پر فضائی حملہ کرنے کی کوشش کی تھی جسے پاک فضائیہ نے ناکام بنادیا تھا اور بھارتی جہاز جنگل میں پے لوڈ گرا کر چلے گئے تھے لیکن اگلے دن پاکستان نے بھارتی فوج کے دو لڑاکا طیارے مار گرائے تھے اور ایک پائلٹ کو بھی گرفتار کر لیا تھا جسے بعد میں جذبہ خیرسگالی کے طور پر وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر بھارت کے حوالے کر دیا گیا تھا۔

اب ایک بار پھر پلوامہ میں بھارتی فوج کی گاڑی پر بم حملہ ہوا ہے البتہ پاکستانی انٹیلی جنس ایجنسیاں 2دن پہلے ہی بھارت کو اس حملے سے اگاہ کر چکی تھیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات