فردوس شمیم نقوی کا فریال تالپور کی نااہلی کے لئے عدالت جانے کا اعلان

وزیراعلی سندھ اور صوبائی حکومت دوغلی پالیسیوں پر چل رہے ہیں،نیب کیسز میں نام آنے کے بعد وزیر اعلی سندھ بہت ڈرے ہوئے ہیں، میڈیا سے گفتگو

منگل 18 جون 2019 14:50

فردوس شمیم نقوی کا فریال تالپور کی نااہلی کے لئے عدالت جانے کا اعلان
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جون2019ء) سندھ اسمبلی میں قائدحزب اختلاف فردوس شمیم نقوی نے فریال تالپور کی نااہلی کے لئے عدالت جانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلی سندھ اور صوبائی حکومت دوغلی پالیسیوں پر چل رہے ہیں،نیب کیسز میں نام آنے کے بعد وزیر اعلی سندھ بہت ڈرے ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

منگل کو سندھ اسمبلی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے فردوس شمیم نقوی نے ایک بار پھر سندھ حکومت پر کڑی تنقید کی اور کہا کہ سندھ حکومت کی نااہلی پر وزیراعلیٰ سندھ کو عدالت لے جائیں گے اس کے علاوہ فریال تالپور کے خلاف بھی عدالت جارہے ہیں ، جعلی اکائوئنٹس کیس میں نامزد ہونے کے بعد فریال تالپور اب صادق اور امین نہیں رہی ہیں۔

فردوس شمیم نقوی نے کہاکہ تاریخ میں کوئی اسمبلی ایسی نہیں جسے سب جیل مقرر کیا گیا ہے،اسپیکر نے اسمبلی کی تاریخ کو بدل کر رکھ دیا کیا اسمبلی کا تقدس پامال کردیا گیا ہے۔انہوں نے کہاکہ صوبے میں سیکرٹری اسمبلی کے عہدے باپ سے بیٹے کو منتقل ہوئے ہیں سیکرٹری اسمبلی وزیر کی اجازت کے بغیر رپورٹ پیش نہیں کررہے ہیں ، آڈٹ رپورٹ میں1142بلین کی بے ضابطگیاں کی گئی ہیں،مگر پندرہ سال میں 8فیصد رپورٹ بھی نہیں دی گئی ہے۔