ایبٹ آباد یونیورسٹی نے مختصر عرصہ میں نصابی و ہم نصابی میدانوں میں کامیابی کے جھنڈے گاڑے ۔ سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی

منگل 18 جون 2019 17:22

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جون2019ء) ایبٹ آباد یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے مختصر عرصہ میں نصابی و ہم نصابی میدانوں میں کامیابی کے جھنڈے گاڑے ہیں، ایبٹ آباد کی پہچان بہترین تعلیمی اداروں کی وجہ سے پاکستان سمیت دنیا بھر میں ہے اور ایبٹ آباد یونیورسٹی ان تعلیمی اداروں میں ایک نمایاں اضافہ ہے، مادر علمی کو پھلتا پھولتا دیکھ کر انہیں دلی اطمیان اور خوشی محسوس ہو رہی ہے، یہ ادارہ میرا اپنا ادارہ ہے اور اس ترقی کیلئے تمام ممکنہ اقدامات اور وسائل کو استعمال کیا جائے گا، وائس چانسلر ایبٹ آباد یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی قائدانہ صلاحیتوں نے اس ادارہ کو انتہائی مختصر عرصہ میں پاکستان میں بہترین مقام دلایا ہے جس پر وہ خراج تحسین کے مستحق ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار سپیکر صوبائی اسمبلی مشتاق احمد غنی نے ایبٹ آباد یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں کنڈنسڈ سمسٹر کے افتتاح اور نو تعمیرشدہ اکیڈمک اور ایڈمنسٹریشن بلاک کے افتتاح کے موقع پر کیا۔ قبل ازیں یونیورسٹی پہنچنے پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر افتخار احمد نے سپیکر صوبائی اسمبلی مشتاق احمد غنی کا استقبال کیا جبکہ سینئر اینکر و صحافی سہیل احمد وڑائچ نے بھی سپیکر صوبائی اسمبلی کے ہمراہ تھے۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر افتخار احمد نے سپیکر صوبائی اسمبلی مشتاق احمد غنی کو یونیورسٹی میں جاری تعمیراتی و تعلیمی سرگرمیوں کے حوالہ سے بریفنگ دی ۔ وائس چانسلر نے کہا کہ یونیورسٹی کا شمار تعلیمی و انتظامی اعتبار سے پاکستان کے بہترین تعلیمی اداروں میں ہوتا ہے، ایک اکیڈمک اور ایڈمنسٹریشن بلاک کی تعمیر کے بعد انفراسٹرکچر بہتر ہوا ہے جبکہ دو اکیڈمک ایک سائنس اور ایک ایڈمن بلاکس کے علاوہ فیکلٹی و گرلز ہاسٹل کی تعمیرکا کام بھی شروع ہو چکا ہے، انشاء الله اگلے دو سال میں ایبٹ آباد یونیورسٹی کے انفراسٹرکچر میں مزید وسعت ہو گی۔

وائس چانسلر نے تعلیمی سرگرمیوں کے حوالہ بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پاکستان میں پہلی مرتبہ پبلک سیکٹرز یونیورسٹی میں کنڈنسڈ سمسٹر کے آغاز کا اعزاز بھی ایبٹ آباد یونیورسٹی کے پاس ہے۔ مشتاق احمد غنی نے یونیورسٹی میں جاری تعلیمی و تحقیقی سرگرمیوں کو سراہا اور کئے جانے والے اقدامات کی تعریف کی۔ بعد ازاں سپیکر صوبائی اسمبلی مشتاق احمد غنی نے یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات، تحقیقی لیبارٹریز، کمپیوٹر لیبز اور تعمیراتی منصوبوں کا معائنہ کیا۔