کمرشل ، کاروباری عمارتوں و پلازوں کی تعمیر کے امورکو قانونی دائرہ کار میں رکھا جائے گا،ڈپٹی کمشنر

منگل 18 جون 2019 18:38

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جون2019ء) : ڈپٹی کمشنر سردار سیف اللہ ڈوگر نے ہدایت کی ہے کہ کمرشل /کاروباری عمارتوں /پلازوں کی تعمیر کے امورکو قانونی دائرہ کار میں رکھا جائے اس سلسلے میں نقشوں کی منظوری کے بغیر کوئی کمرشل عمارت تعمیر نہیں ہونی چاہیے اورمتعلقہ محکمی/ادارے ذمہ داریوں کو پورا کریں۔ انہوں نے یہ ہدایت ہائی لیول ڈیزائن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کی جس میں کمرشل عمارتوں کے نقشوں کی منظوری کے امورکاجائزہ لیا گیا۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل)میاں آفتاب احمد،سی او میونسپل کارپوریشن سردار نصیر احمد کے علاوہ پنجاب پولیس،سول ڈیفنس ،ایف ڈی اے، واسا، ریسکیو1122،ہائوسنگ،ٹریفک پولیس اوردیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے مختلف شاہرات پر کمرشل عمارتوں کے نقشوں کی منظوری کے امورکا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ شہر میں کمرشل وکاروباری عمارتوں کی تعمیر کے لئے ڈیزائن ونقشوں کی منظوری کے سلسلے میں متعلقہ محکمے مروجہ قوانین کے تحت اچھی طرح انتظامی وتکنیکی چھان بین کر کے این او سی جاری کریں تاکہ منظم شہری ترقی کی راہ میں کوئی رکاوٹ حائل نہ ہو۔

انہوںنے کہا کہ کثیر المنزلہ عمارتوں کے سٹریکچر پلان کی انجینئرز سے دوہری تصدیق کے علاوہ درکار تقاضوں کو لازمی چیک کرلیا جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ منظورشدہ نقشوں کی حامل زیر تعمیر عمارتوں کو وقفے وقفے سے چیک کریں اور نقشہ کی خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی میں تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔اجلاس کے دوران کمرشل وکاروباری عمارتوں کے نقشوں کی منظوری کے 19کیسز کاجائزہ لیا گیا اور کمیٹی نے سرگودھا روڈ،کینال روڈ،بلال روڈ اور دیگر شاہرات پر دکانوں،پلازوں ودیگر کاروباری سرگرمیوں کے لئے 9کیسز کی منظوری دی جبکہ دیگر درخواستوں کو متعلقہ قواعدوضوابط اورگائیڈز لائینز مکمل نہ ہونے پر موخر کردیا گیا۔