Live Updates

بجٹ پاس کروانے کا معاملہ؛ اپوزیشن کے 10 سے 15 ارکان حکومت کے حق میں ووٹ دیں گے

وزیراعظم عمران خان جون میں ہی بجٹ پاس کروا لیں گے۔ معروف صحافی چوہدری غلام حسین کا دعویٰ

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان بدھ 19 جون 2019 10:44

بجٹ پاس کروانے کا معاملہ؛ اپوزیشن کے 10 سے 15 ارکان حکومت کے حق میں ووٹ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔17 جون 2019ء) معروف صحافی چوہدری غلام حسین کا کہنا ہے کہ آج کل ایک راگ الاپا جا رہا ہے کہ ہم بجٹ منظور نہیں ہونے دیں گے،حکومت کے پاس بجٹ پاس کروانے کے لیے اکثریت موجود ہے۔چاہے اختر مینگل ووٹ دیں یا نہ دیں قومی اسمبلی سے تحریک انصاف کا بجٹ پاس ہو جائے گا اور یہ بجٹ جون کے ماہ میں پاس ہو جائے گا۔جب کہ اپوزیشن کے 10 سے پندرہ ارکان اپوزیشن کے حق میں ووٹ نہیں دیں گے۔

جب کہ دوسری جانب ایک میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ موجودہ حکومت کے ویسے تو کئی امتحان ہیں تاہم فی الوقت انہیں جس مشکل کا سامنا ہے وہ اپوزیشن کی حمایت اور ایوان میں بحث کے بعد بجٹ کی منظوری ہے۔اگرچہ عمران خان اپنے وفاقی وزرا کو اجلاس میں یہ کہہ چکے ہیں کہ وہ بجٹ پاس کرالیں گے اور وزرا پریشان نہ ہوں مگر آئین تو یہی ہے کہ جب تک ایوان میں بھرپوربحث نہیں ہو جاتی اور سادہ اکثریت نہیں مل جاتی تو بجٹ پاس نہیں ہو سکے گا۔

(جاری ہے)

پچھلے کئی دنوں سے ایوان میں بجٹ پر بحث کا سیشن شروع ہوتا ہے مگر جیسے ہی اپوزیشن لیڈر بولتے ہیں تو حکومتی وزرا شور مچانا شروع کر دیتے ہیں۔اور دوسری طرف اپوزیشن ارکان بجٹ پر کم بحث کرتے اور پروڈکشن آرڈر کا تقاضا زیادہ کرتے ہیں۔یہی وجہ ہے کہ اب تک بجٹ پاس نہیں ہو سکا اور ایوان مچھلی منڈی بن جاتا ہے۔تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ ایوان کو پرسکون انداز میں چلانے کیلئے طے پایا ہے کہ حکومت اور اپوزیشن ایک دوسرے کے رہنماؤں کی تقاریر کے دوران احتجاج نہیں کریں گے۔

اپوزیشن کی طرف سے پیپلزپارٹی کے رہنماؤں نے اسپیکر چیمبر میں حکومتی وفد سے مذاکرات کیے۔ طے پانے والے معاہدے میں کہا گیا ہے کہ نکتہ اعتراض بھی حکومت اور اپوزیشن کو باری باری دیا جائے گا۔معاہدے کے مطابق حکومتی ارکان اپوزیشن لیڈر کی تقریر کے دوران احتجاج نہیں کریں گے اور اپویشن لیڈر آج ساڑھے 10 بجے شروع ہونے والے اجلاس میں بجٹ تقریر کریں گے۔خیال رہے ان دنوں قومی اسمبلی میں بجٹ سیشن جاری ہے تاہم گزشتہ تین روز سے ہونے والے اجلاس میں حکومتی ارکان نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو بجٹ تقریر نہیں کرنے دی۔ دوسری جانب ایوان میں اپوزیشن ارکان بھی احتجاج کرتے رہے اور جیل میں قید اپوزیشن رہنماؤں کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کا مطالبہ کرتے رہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات