یونیورسٹی آف ہوم اکنامکس لاہور کی نئی وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر کنول امین کی سربراہی میں فیکلٹی ممبران کا اجلاس

بدھ 19 جون 2019 23:48

لاہور۔19 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جون2019ء) ہوم اکنامکس یونیورسٹی کی نئی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کنول امین نے کہا ہے کہ یونیورسٹی میں تعلیم کی ترقی کیلئے تحقیق کے اعلیٰ معیار کو اپنانے کی ضرورت ہے،علم اور رواداری ایک دوسرے سے جڑے ہیںہوم اکنامکس یونیورسٹی کو علم اور فلاح کا گہوارہ بنائیںگے ۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے گزشتہ روزیہاں یونیورسٹی آف ہوم اکنامکس لاہور کی بطور پہلی وائس چانسلر تمام فیکلٹی ممبرز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں یونیورسٹی کے تمام شعبہ جات میں کوالٹی ایجوکیشن میں اضافے،ریسرچ پر فوکس،فکیلٹی ریسرچ ٹریننگ،نصاب کے اسلوب پر نظر ثانی،طالبات کی نصابی و غیرنصابی سرگرمیوںسمیت اہم امور پر وائس چانسلر نے اپنے وژن سے آگاہ کیا اور یونیورسٹی میں مستقبل کی منصوبہ بندی کے حوالے سے آئندہ کی حکمت عملی بھی پیش کی۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر کنول امین نے کہا کہ یونیورسٹی آف ہوم اکنامکس کی طالبات کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، انتظامیہ کی جانب سے ہر معاملے میں میرٹ اور شفافیت کا عملی مظاہرہ کیا جائے گا۔

انہوںنے کہا کہ یونیورسٹی انتظامیہ طلباء و طالبات کی کردار سازی پر بھرپور توجہ دے گی، ہم جو بھی علم سیکھیں اسے معاشرے کی فلاح و بہبود کا ذریعہ بنائیں ،اکنامکس یونیورسٹی کے تمام شعبہ جات میں تدریسی و تحقیقی معاملات معمول کے مطابق ہیں ۔انہوںنے کہا کہ پاکستان کو درپیش مسائل سے نمٹنے اورپاکستان کی معاشی و سماجی ترقی کے لئے طالبات اپنا کردار کریںاور اللہ تعالیٰ پر بھروسہ رکھتے ہوئے پوری لگن، ایمانداری اور محنت سے کام کریں۔

انہوں نے بتایا کہ سائنس کا حقیقی مقصد زندگی کو محفوظ بنانا ہے اور ہمیں ایسے علوم کو پروان چڑھانا چاہیے جو معیار زندگی کو بہتر بنانے میں فعال کردار ادا کریں ،بند الماریوں میں پڑی ایسی تمام تحقیق بے سود ہے جو لوگوں کی فلاح و بہبود اور معیار زندگی کی بہتری میں کام نہیں آتی۔ کنول امین نے بتایا کہ یونیورسٹی میں تعلیم کی ترقی کیلئے تحقیق کے اعلیٰ معیار کو اپنانے کی ضرورت ہے، اساتذہ کے تحقیقی منصوبہ جات کے لئے موجودہ انتظامیہ زیادہ سے زیادہ مالی و انتظامی وسائل مہیا کرے گی۔