اقوامِ متحدہ نے پاکستان کو اپنے اہلکاروں کے لیے فیملی سٹیشن کا درجہ دے دیا، نوٹیفکیشن جاری

اقوامِ متحدہ نے پاکستان کی امن کے لیے کوششوں کا اعتراف کر لیا، فیصلے سے غیر ملکی سرمایہ کاری کی فضا ہموار ہو گی، دوسری عالمی تنظیموں اور اداروں پر بھی اثر ہو گا

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ جمعرات 20 جون 2019 22:17

اقوامِ متحدہ نے پاکستان کو اپنے اہلکاروں کے لیے فیملی سٹیشن کا درجہ ..
نیویارک(اردوپوائنٹ اخبار تاز ترین۔20جون2019ء) اقوامِ متحدہ نے پاکستان کی امن کے لیے کوششوں کا اعتراف کرتے ہوئے پاکستان کو اپنے اہلکاروں کے لیے فیملی سٹیشن کا درجہ دے دیا ہے۔ اقوامِ متحدہ نے اپنے اہلکاروں کے لیے نوٹیفکیشن جاری کیا ہے کہ پاکستان ان کے لیے فیملی سٹیشن کا درجہ رکھتا ہے۔ اقوامِ متحدہ نے یہ فیصلہ پاکستان کی دہشتگردی کے خلاف جنگ اور امن کے لیے کوششوں کے اعتراف کے بعد کیا ہے۔

نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ یہ فیصلہ پاکستان میں سکیورٹی صورتحال بہتر ہونے کے بعد لیا گیا ہے۔ اقوامِ متحدہ کی جانب سے اس فیصلے کا اثر دوسری عالمی تنظیموں اور اداروں پر بھی پڑے گا اور وہ بھی پاکستان کا رخ کریں گی۔ عالمی ادارے کی جانب سے اس قدم کے بعد پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کی فضا ہموار ہو گی اور غیرملکی کمپنیوں اور کارباری حضرات کا پاکستان پر اعتماد بھال ہو گا۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ افغان امریکہ جنگ شروع ہونے کے بعد پاکستان کے حالات خراب ہونا شروع ہو گئے تھے اور پھر غیرملکی اداروں اور سیاحوں کا اعتماد خراب ہو گیا تھا جس کے بعد پاکستان حکومت نے ملک میں سکیورٹی حالات بہتر بنانے کے لیے کام شروع کیا اور آپریشن ضربِ عضب کے ذریعے ملک سے دہشتگردوں کا خاتمہ شروع کر دیا ۔ طالبان کے خاتمے اور بلوچستان میں ناراض قبائلیوں کو منانے کے ساتھ پاکستان نے فاٹا اور وزیرستان میں بھی آپریشن کیا جس کے ذرایعے ان علاقوں کو بھی شدت پسندوں سے پاک کر دیا گیا ہے۔

ملکی حالات بہتر ہونے کے بعد ملک میں غیرملکی سیاحوں نے آنا شروع کر دیا ہے اور غیرملکیوں کا پاکستان پر اعتماد بھی بحال ہو رہا ہے جبکہ اب اقوامِ متحدہ نے پاکستان کی امن کے لیے کوششوں کا اعتراف کرتے ہوئے پاکستان کو اپنے اہلکاروں کے لیے فیملی سٹیشن کا درجہ دے دیا ہے۔