راجہ ریاض وزارت نہ ملنے پر تحریک انصاف چھوڑنے کو تیار

پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی راجہ ریاض کا جولائی میں بلاول بھٹو کی فیصل آباد آمد پر پیپلز پارٹی میں شمولیت کا امکان

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان ہفتہ 22 جون 2019 16:20

راجہ ریاض وزارت نہ ملنے پر تحریک انصاف چھوڑنے کو تیار
فیصل آباد(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔22 جون 2019ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما راجہ ریاض پارٹی چھوڑنے کے لیے پر تولنے لگے ہیں۔میڈیارپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ حلقہ این اے 110 کے منتخب ایم این اے راجہ ریاض نے دوبارہ پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت کا کا عندیہ دیا ہے۔راجہ ریاض جولائی میں بلاول بھٹو کی فیصل آباد آمد پر دوبارہ جیالے بن جائیں گے۔

راجہ ریاض وزارت نہ ملنے پر پی ٹی آئی سے ناراض ہیں جس وجہ سے انہوں نے تحریک انصاف کو چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ راجہ ریاض جلد ہی پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کریں گے۔یاد رہے کہ 13 مئی 2016ء کو پنجاب کے سابق سنیئروزیراور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما راجہ ریاض نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا تھا۔

(جاری ہے)

راجہ ریاض نے عام انتخابات 2018ء میں پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ پر ہی حصہ لیا تھا۔ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 110 فیصل آباد X سے پاکستان تحریک انصاف کے اُمیدوار راجہ ریاض احمد کامیاب ہوئے تھے جس کے بعد انہیں وفاقی پارلیمانی سیکرٹری پٹرولیم تعینات کیا گیا تھا لیکن بظاہر راجہ ریاض اپنی اس تعیناتی سے ناخوش تھے جس کے تحت انہوں نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا اور کہا تھا کہ وفاقی پارلیمانی سیکرٹری پٹرولیم کے عہدے سے استعفیٰ دے رہے ہیں لیکن وہ پارٹی اور حکومت کے لیے بطور رکن قومی اسمبلی کام کرتے رہیں گے۔

خیال رہے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 110 فیصل آباد X سے پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار راجہ ریاض احمد ایک لاکھ 14 ہزار 215 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے۔ الیکشن کمیشن کے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے محمد افضل خان ایک لاکھ 8 ہزار 172 ووٹ لے کر دوسرے جبکہ تحریک لبیک پاکستان کے امیدوار حافظ عمر فاروق 10 ہزار 782 ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر رہے۔ ڈالے گئے ووٹوں کی شرح 57.01 فیصد رہی۔