آن لائن ٹیکسی سروسز پر 5 فیصد ٹیکس عائد کیا گیا

سندھ حکام نے آن لائن ٹیکسی سروسز پر عائد ٹیکس سے متعلق وضاحت کر دی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 24 جون 2019 10:53

آن لائن ٹیکسی سروسز پر 5 فیصد ٹیکس عائد کیا گیا
کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 جون 2019ء) : آن لائن ٹیکسی سروسز پر 13 نہیں بلکہ 5 فیصد ٹیکس عائد کیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق آن لائن ٹیکسی سروسز پر ٹیکس سے متعلق سندھ حکام نے وضاحت جاری کر دی ہے۔ سندھ ریونیو بورڈ نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت نے مسافروں کو سفری سہولت فراہم کرنے والی سروسز پر 13 فیصد نہیں بلکہ 5 فیصد ٹیکس نافذ کیا گیا ہے جس کا اطلاق یکم جولائی ہوگا۔

مالی سال 20-2019ء کے لیے سندھ کے بجٹ میں کرائے پر مسافروں کو سفری سہولت فراہم کرنے والی سروسز اور رینٹ اے کار یا ٹیکسی سروسز کو ٹیکس ادا کرنے والی سروسز قرار دے دیا اور اس پر مجموعی طور پر 5 فیصد ٹیکس نافذ کردیا گیا۔ ایس بی آر کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق ٹیکس ریٹ 13 فیصد اور اس کا اثر 26 فیصد ہونے کے حوالے سے جاری پروپیگنڈے میں کوئی صداقت نہیں۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ رینٹ اے کار سروسز، جس میں ریڈیو کیب مثلاً میٹرو کیب شامل ہے، پہلے سے ہی 10 فیصد سیلز ٹیکس ادا کررہی ہیں۔ چنانچہ اب کرائے پر گاڑیاں حاصل کرنے والوں اور ٹیکسی ڈرائیورز سے متعلق سروسز پر ٹیکس عائد کیا گیا جو اس سے قبل ٹیکس دائرہ کار میں شامل نہیں تھی جس سے ٹیکس میں امتیازی سلوک اور مسابقتی سروسز کو نقصان ہورہا تھا۔ ایس بی سی نے دعویٰ کیا کہ آن لائن ٹیکسی سروس فراہم کرنے والوں پر 5 فیصد کی کم ترین ٹیکس کی شرح سے انہیں اب بھی فائدہ ہوگا۔

ایس بی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اس دلیل میں بھی کوئی وزن نہیں کہ آن لائن ٹیکسی فراہم کرنے والی سروسز کو اس لیے ٹیکس فوائد پہنچائے جائیں کیوں کہ یہ عوام کو ملازمت فراہم کرتی ہیں۔ سندھ بورڈ آف ریونیو کا کہنا تھا کہ ہر مینوفیکچرر، پروڈیوسر یا خدمات فراہم کرنے والے ملازمتیں دیتے ہیں لیکن انہیں ٹیکس بھی دینا پڑتا ہے۔

کرائے پر مسافروں کو سفری سہولیات یا آن لائن ٹیکسی سروسز فراہم کرنے والے ادارے بھارت، برطانیہ، آسٹریلیا اور متعدد یورپی ممالک میں اسٹینڈرڈ ریٹ کی مجموعی قیمت پر سلیز ٹیکس ادا کرتے ہیں جو سندھ کے مقررہ معیار سے بھی زائد ہے۔ خیال رہے کہ گذشتہ ہفتے اس حوالے سے یہ خبر موصول ہوئی تھی کہ سندھ حکومت نے آن لائن ٹیکسی سروسز پر بھی جی ایس ٹی عائد کرنے کی تیاری کر لی اس ضمن میں مجوزہ فنانس بل میں آن لائن موٹرسائیکل، کار، ٹیکسی سروس پر جی ایس ٹی عائد کرنےکی تجویز پیش کی گئی جس کے تحت فنانس بل 20-2019ء میں آن لائن کمپنی کے ڈرائیورز پر 13 سے 26 فیصد ٹیکس عائد کرنے کی تجویز پیش کی گئی۔ تاہم اب ایس بی آر نے اس ضمن میں وضاحت جاری کر دی ہے۔