Live Updates

وفاقی وزیر ریلوے نے ریٹائرڈ ڈرائیورز کو دوبارہ ملازمت دینے پر غور شروع کر دیا

ریٹائرڈ ڈرائیور کی بھرتیوں کے لیے وزیراعظم سے اجازت لیں گے۔ وفاقی وزیر شیخ رشید

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 24 جون 2019 14:04

وفاقی وزیر ریلوے نے ریٹائرڈ ڈرائیورز کو دوبارہ ملازمت دینے پر غور شروع ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 جون 2019ء) : وفاقی وزیر ریلوے نے ریٹائرڈ ملازمین کو دوبارہ ملازمت پر رکھنے پر غور شروع کر دیا ہے جبکہ اس معاملے میں وزیراعظم عمران خان سے منظوری لی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین اسد جونیجو کی زیرصدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ریلوے کا اجلاس ہوا جس میں ریلوے حکام نے جناح ایکسپریس اور سکھر ریلوے حادثے پر حکام کو بریفنگ دی جب کہ وزیر ریلوے شیخ رشید بھی قائمہ کمیٹی میں پیش ہوئے۔

اجلاس میں جناح ایکسپریس حادثے پر ریلوے حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ خراب سگنلز سے پہلے رپیٹر سگنل اشارہ دے رہا تھا، جناح ایکسپریس کے ڈرائیور نے سگنل کو نظر انداز کیا، ڈرائیور ٹرین 50 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلا رہا تھا جب کہ اسٹیشن پر رفتار 15 کلومیٹرفی گھنٹہ ہونی چاہیے اس لیے بظاہر ذمہ دار ٹرین ڈرائیور ہی ہے۔

(جاری ہے)

وزیر ریلوے شیخ رشید نے کمیٹی کو بتایا کہ اسسٹنٹ ڈرائیورز کی ٹریننگ کیلئے حکمت عملی تیار کررہے ہیں، ریلوے کے ریٹائرڈ ڈرائیورز کو دوبارہ رکھنے پر غور کررہے ہیں، ریٹائرڈ ڈرائیور کی بھرتیوں کے لیے وزیراعظم سے اجازت لیں گے۔

شیخ رشید کی اس تجویز پر چئیرمین کمیٹی اسد جونیجو نے کہا کہ ریٹائرڈ ڈرائیورز کو ٹرین کیسے دوبارہ چلانے دیں گے؟ ریٹائرڈ ڈرائیورز سے ٹرینیں دوبارہ چلوانا خطرناک ہے۔وزیر ریلوے نے 24 اگست کو ریلوے کی کارکردگی سامنے لانے کا اعلان کیا اور کہا کہ ؤ ڈالرکی قدر میں اضافہ ہونے کی وجہ سے پُرزوں کی خریداری کی مد میں بھی اخراجات میں اضافے کا سامنا ہے۔

گالف سٹی کیس جیت گئے تو ریلوے اپنے پیروں پر کھڑا ہوجائےگا۔ خود کار کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم پر کام شروع کردیا ، اس سسٹم سے ٹرین کی ٹریکنگ میں آسانی ہوگی، سگنلز اور لائنوں کی مرمت کے بعد انجنوں کی تبدیلی پر غور کریں گے۔ کچھ دیر قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر ریلوے نے کہا تھا کہ حکومت نے اداروں کو بہتر بنانے کا تہیہ کیا ہوا ہے۔ 3 سے 4 ارب کا خسارہ کم کرنے کی کوشش کی ہے۔

تیل کی قیمت بڑھنے سے کرایوں میں اضافہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے 17 لاکھ لیٹر تیل بچایا اور 34 ٹرینیں بھی چلائی ہیں۔ وزیراعظم عمران خان سرسید ایکسپریس کا 3 جولائی کو افتتاح کریں گے۔ ایم ایل ون شروع ہونے تک ڈی ریلنگ کے خدشات رہیں گے، سکھر روہڑی ٹریک کی حالت بہت خراب ہے، نئی چلائی جانے والی 10 ٹرینیں منافع میں جا رہی ہیں۔ 5 دن بعد فنانس اور ریلوے کی کارکردگی سے متعلق چاروں صوبائی ہیڈ کوارٹر میں میڈیا کو بریفنگ دوں گا۔ ایم ایل ون کا جوٹیکہ لے گا اس کے ساتھ شرائط رکھیں گے کہ مزدوروں کے لیے اپارٹمنٹس بھی بنا کر دیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات