کبیروالا، کشمیریوں کو حق رائے دہی دیئے بغیر خطے میں قیام امن کا خواب پورا نہیں ہوسکے گا، سید فخرامام

منگل 25 جون 2019 18:14

کبیروالا ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جون2019ء) کشمیریوں کو حق رائے دہی دیئے بغیر خطے میں قیام امن کا خواب پورا نہیں ہوسکے گا، حق رائے دہی کشمیریوں کا بنیادی حق ہے، نہتے کشمیری تاریخ انسانیت کی بدترین ریاستی دہشت گردی کانشانہ بنائے جا رہے ہیں، بھارت کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین پامالیوں کامرتکب ہورہا ہے، بھارتی افواج نہتے کشمیریوں کے خون سے ہو لی کھیل رہی ہے، کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قرادادو ں کے مطابق حق خود ارادیت دینا ہوگا، او آئی سی سمیت اقوام عالم کو بھارتی جبر وستم کا نوٹس لینا ہوگا، تاریخ کے کٹھن موڑ پر کشمیریوں کو تنہا نہیں چھوڑ یں گے، پاکستان مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے ہر سطح پر آواز اٹھائے گا، ان خیالا ت کا اظہار چیئر مین کشمیر کمیٹی سید فخرامام نے گزشتہ روز نواحی موضع ماڑی سہو میں ڈاکٹر میاں اجمل سہو کی رہائشگا ہ پر میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارتی مسلح افواج نہتے کشمیری عوام کا خون بہانے میں لگی ہو ئی ہے۔ ا نہو ں نے کہا کہ کشمیری مسلمان تاریخ کی بندترین ریاستی دہشت گردی کا شکا ر ہیں جنہیں بھارتی جبر و ستم سے نجات دلانے کے لئے اقوام متحدہ سمیت عالمی اداروں کی منظور شدہ قرار دادوں پرعمل کرنا ہوگا۔ انہو ں نے کہا کہ بھارتی ہٹ دھرمی کے باعث خطے میں امن و امان کے قیام اور خطے کی اقتصادی ترقی کی راہ میں مسئلہ کشمیر بنیادی حیثیت رکھتا ہے جس کے حل کے بغیر خطے میں امن کا قیام ممکن نہیں ہوسکے گا بلکہ خطہ معاشی عدمِ استحکام کا بھی شکا ر رہیگا۔

انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر خطے میں امن کے قیام، ترقی اور خوشحالی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ثابت ہواہے جسکے حل کے لئے بھارت کو مذاکرات کی میز پرآنا ہوگا۔ قبل ازیں سید فخرامام نے ڈاکٹر میاں اکمل سہو سے انکے بھائی، چیئر مین یو نین کونسل ماڑی سہو میاں حماد رضا سہو اور مقامی صحا فی سردا ر عاطف سہو سے انکے تایا میاں افضل سہو کے انتقال پر تعزیت کی اور فاتحہ خوانی کی۔