سندھ میں ہوائی جہازوں کے ذریعے ٹڈی دَل کے خلاف سپرے کرنے کا فیصلہ

صوبائی حکومت نے سول ایوی ایشن اور وزارتِ ہوابازی سے رابطے کر کے ٹڈی دَل کے خلاف فضا سے سپرے کرنے کے لیے مدد مانگ لی

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ بدھ 26 جون 2019 19:12

سندھ میں ہوائی جہازوں کے ذریعے ٹڈی دَل کے خلاف سپرے کرنے کا فیصلہ
کراچی (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26جون2019ء) سندھ حکومت نے فصلوں پر ٹڈی دَل کے حملے کے خلاف ہوائی جہازوں کے ذریعے سپرے کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ سندھ حکومت نے وفاق سے اس سلسلے میں معاونت کی درخواست کی ہے۔ صوبائی حکومت نے سول ایوی ایشن اور وزارتِ ہوابازی سے رابطے کر کے ٹڈی دَل کے خلاف فضا سے سپرے کرنے کے لیے مدد مانگی ہے۔ واضح رہے کہ سندھ میں فصلوں پر ٹڈی دل نے حملہ کیا ہے اور لاکھوں کی تعداد میں حملہ آور ٹڈی دل نے ضلع سانگھڑ،نواب شاہ،دادو،مٹیاری ،جامشورو،خیرپور میرس،ہالا،بھٹ شاہ ،کوہستان کے علاقوں میں زرعی فصلوں خصوصی طور پر کپاس کی فصل کو تباہ کر چکی ہیں اور تیزی سے دوسرے علاقوں کی جانب بڑھ رہے ہیں۔

منگل کو قومی اسمبلی میں بجٹ پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی سید غلام مصطفی شاہ نے کہا تھا کہ سندھ میں زراعت پر ٹڈی دل کا حملہ ہے محکمہ اس پر توجہ دے۔

(جاری ہے)

سپیکر اسد قیصر نےاس پر وزیر قومی فوڈ کو ہدایت کی تھی کہ وہ اس کے سدباب کے لئے اقدامات کریں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ پہلی بار نہیں ہوا۔ انگریزوں نے اس کی روک تھام کے لئےسندھ اور بلوچستان کی سرحد پر چیک پوسٹ قائم کر رکھی تھی۔

یہ سوڈان سے گلف ‘ ایران اور پھر بلوچستان آئی ہے۔ اس کے سدباب کے لئے فضائی سپرے کئے جارہے ہیں۔ بلوچستان میں قانون نافذ کرنے والے ادارے اس کی اجازت نہیں دیتے۔غلام مصطفی شاہ نے کہا کہ اس ٹڈی دل کا سدباب صرف فضائی سپرے سے ہی ممکن ہے اس کے لئے ایک جہاز ناکافی ہے۔ اب سندھ حکومت نے فصلوں پر ٹڈی دَل کے حملے کے خلاف ہوائی جہازوں کے ذریعے سپرے کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے سول ایوی ایشن اور وزارتِ ہوابازی سے رابطے کر کے ٹڈی دَل کے خلاف فضا سے سپرے کرنے کے لیے مدد مانگی ہے۔