کوئٹہ، حکو متی بدترین معاشی پالیسیوں کی بدولت ڈالر تاریخ کی بلند ترین سطح 163سے بھی تجاوز کر گیا ہے، ہدایت الرحمان بلوچ

جمعرات 27 جون 2019 23:47

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 جون2019ء) جماعت اسلامی کے صوبائی جنرل سیکرٹری ہدایت الرحمان بلوچ نے کہا ہے کہ حکوامتی بدترین معاشی پالیسیوں کی بدولت ڈالر تاریخ کی بلند ترین سطح 163سے بھی تجاوز کر گیا ہے۔ اسٹاک ایکسچینج میں سرمایہ داروں کے اربوں روپے ڈوب چکے ہیں ۔ گیس اور بجلی کی قیمتوںمیں اضافے نے جلتی پر تیل چھڑکنے کا کام کیا ہے۔

ملک میں بے یقینی اور افراتفری کا ماحول بن چکا ہے۔ صرف ایک دن میں ملکی قرضوں میں 500ارب روپے کا اضافہ حکومت کی ناکام ترین معاشی حکمت عملی کا مظہر ہے۔ معاشی معاملات سے نابلد اور نا اہل افراد کا ٹولہ قوم پر مسلط ہوچکا ہے۔ بلوچستان کے مسائل وپریشانیوں کونظراندازکرنے کے بھیانک نتائج نکلیں گے ان خیالا ت کا اظہار انھوں نے گزشتہ روزکراچی وگوادرمیں مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی بلوچستان کے مسائل کوحل اور لوٹی ہوئی دولت برآمد سکتی ہے۔ ماضی کی حکومتوں اور موجودہ حکمرانوں نے عوام پر قرضوں کے پہاڑ کھڑے کردیے ہیں مگر وہ جن بھی منصوبوں پر استعمال ہوئے کرپشن اور خرد برد کی داستانیں چھوڑ گئے ہیں۔ اگر یہی قرضے حقیقی معنوں میں عوامی تعمیر و ترقی پر لگے ہوتے تو آج صورتحال مختلف ہوتی۔

انھوں نے کہا کہ ملک کے 22کروڑعوام کو پیپلز پارٹی، مسلم لیگ (ن) ودیگر جماعتوں نے ہمیشہ بے وقوف بنایا اور آج یہی کام تحریک انصاف کی حکومت کررہی ہے۔ تبدیلی کا نعرہ ریت کی دیوار ثابت ہوا۔انھوں نے کہاکہ وعدہ خلافی کو یوٹرن کا نام دے کر عوامی جذبات و توقعات کو بری طرح مجروح کیا جارہا ہے۔پی ٹی آئی کی حقیقت کھل کر عوام کے سامنے آچکی ہے۔

جن لوگوں نے تحریک انصاف کو ووٹ دیاتھا آج وہی سب سے زیادہ مایوس اور غم و غصہ کا اظہار کرتے نظر آتے ہیں۔ پورا ملکی نظام ہی کرپٹ ہوچکا ہے۔ منافع بخش ادارے سیاسی بھرتیوں اور لوٹ مار کے باعث خسارے کا شکار ہیں اور قومی خزانے پر سفید ہاتھی بن چکے ہیں۔ ملک کو پائوں پر کھڑا کرنے کے لیے سنجیدگی کی ضرورت ہے مگر بد قسمتی سے موجودہ حکمرانوں میں سنجیدگی اور معاشی وژن دونوں دکھائی نہیں دیتے۔ عوام میں اضطراب اور بے چینی بڑھ چکی ہے۔