نئی سائبر پالیسی کی تیاری کا کام حتمی مراحل میں ہے، خالد مقبول صدیقی

منگل 9 جولائی 2019 13:02

نئی سائبر پالیسی کی تیاری کا کام حتمی مراحل میں ہے، خالد مقبول صدیقی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جولائی2019ء) وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ نئی سائبر پالیسی کی تیاری کا کام حتمی مراحل میں ہے اس سلسلے میں وزارت قانون و انصاف سمیت تمام شرکت داروں کے ساتھ مشاروت کی گئی ہے،جدید ٹیکنالوجی کی بہتات سے پیدا ہونے والے مسائل کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔ ’’اے پی پی‘‘ سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نئی سائبر پالیسی پر کام حتمی مراحل میں ہے، بجٹ کی وجہ سے کام تاخیر کاشکار ہو گیا, اس کے علاوہ ہمارے پاس افرادی قوت کی بھی کمی ہے۔

انہوں ے کہاکہ پالیسی تیار کرنے کے بعد متعلقہ اداروں سے تجاویز بھی لی جائیں گی تاکہ پالیسی میں کسی رخ میں کمی نہ رہ جائے۔ انہوں نے کہاکہ پالیسی جدید دور میں ٹیکنالوجی کا استعمال بہت زیادہ ہوگیا ہے جس کی وجہ سے سیکورٹی اور صارفین کے مسائل میں اضافہ ہو گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا ہے کہ اس سلسلے میں وزارت قانون و انصاف سمیت تمام شرکت داروں کے ساتھ مشاروت کی گئی ہے۔

ملک کے دیہی اور دور افتادہ علاقوں میں انٹرنیٹ کی سہولت کی فراہمی کے حوالے سے انہوں نے کہاکہ ہمارے ملک میں موبائل ٹیکنالوجی شروع ہونے کے بعد درمیان کے تقریباً 10 برس ہمیں دہشت گردی کا سامنا کرنا پڑا اور سکیورٹی خدشات کی وجہ سے اس کو کچھ علاقوں میں تھری جی اور فور جی ٹیکنالوجی کو وسعت نہیں دی گئی حالات بہتر ہونے کے بعد انٹرنیٹ سمیت دیگر ٹیکنالوجی کی فراہمی پر کام مرحلہ وار جاری ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ تاثر غلط ہے کہ موبائل کمپنیاں دور افتادہ علاقوں میں انٹرنیٹ کی جدید سہولت فراہم نہیں کر رہیں بلکہ وہ تو محصولات بڑھانا چاہتی ہیں۔