مسلم لیگ ن کی رہنما ماروی میمن نے اسحاق ڈار کے خلاف جلد ہی پریس کانفرنس کرنے کا اعلان کر دیا

میری جانب سے دی جانے والی مہلت اب ختم ہو گئی ، میں نے بہت صبر سے کام لیا ہے، ٹویٹ

منگل 9 جولائی 2019 20:43

مسلم لیگ ن کی رہنما ماروی میمن نے اسحاق ڈار کے خلاف جلد ہی پریس کانفرنس ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 جولائی2019ء) مسلم لیگ ن کی رہنما ماروی میمن نے اسحاق ڈار کے خلاف جلد ہی پریس کانفرنس کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں ماروی میمن کا کہنا تھا کہ میری جانب سے دی جانے والی مہلت اب ختم ہو گئی ہے۔ میں نے بہت صبر سے کام لیا ہے۔ انہوں نے جلد پریس کانفرنس کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ پریس کانفرنس اس دنیا کے دو متعلقہ دارالحکومت میں ہوگی اور اسی وقت پر ہو گی جو مجھے سوٹ کرتا ہے میں کسی دھمکی کے پیش نظر پریس کانفرنس کا وقت طے نہیں کروں گی۔

انہوں نے کہا کہ میں نے تین سال اذیت جھیلی ہے۔ پریس کانفرنس کے وقت کے حوالے سے آپ بھی صبر سے کام لیں۔ اس پریس کانفرنس میں سیاست اور اس سے جڑی چیزوں پر بات ہو گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کی افواہوں کی تردید کی اور کہا کہ پریس کانفرنس میں یہ صورتحال بھی کلئیر ہو جائے گی۔ اطمینان رکھیں اور اپنی پی ٹی آئی کو سنبھالیں۔میرا کوئی تعلق نہیں ہے پی ٹی آئی سے اور نہ ہی ہو گا۔

خیال رہے کہ اس سے قبل بھی ماروی میمن نے لیگی رہنما اور سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار کے خلاف پریس کانفرنس کرنے کا عندیہ دیا تھا۔ انہوں نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا تھا کہ عزت سے سچ بتا کر معافی مانگنے میں مسئلہ ہے تو پھر بے عزتی ہی آپ کا مقدر ہے ،اب تین سال ہونے والے ہیں۔لیکن اب میرے خیال سے اس میں ایک دن بھی تاخیر کرنے کی گنجائش نہیں ہے۔۔ماروی میمن نے ایک اور ٹویٹ میں کہا تھا کہ تب تک کے لیے میری یہ آخری ٹویٹ ہے ۔میں انتظار کروں گی اور پھر جو ہونا ہے ہو جائے۔ماروی میمن نے لاہور میں ایک اہم پریس کانفرنس کرنے کا اعلان کرتے ہوئے ثبوت پیش کرنے کا اعلان کر دیا۔