سپریم جوڈیشل کونسل کااجلاس ،جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور کے کے آغاکے خلاف ریفر نسز پر حکومت کے جواب الجواب کا جائزہ لیا گیا

جمعہ 12 جولائی 2019 19:31

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جولائی2019ء) سپریم جوڈیشل کونسل میں جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور جسٹس کے کے آغا کے خلاف ریفرنس کی سماعت کیلئے تیسرا اجلاس ہوا جو ایک گھنٹے سے زائد جاری رہنے کے بعد ختم ہو گیا۔ جمعہ کو سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور سندھ ہائی کورٹ کے جج جسٹس کے کے آغا کے خلاف حکومتی ریفرنسز پر سماعت کے لئے سپریم جوڈیشل کونسل کا تیسرا اجلاس ہوا، بند کمرہ اجلاس کی صدارت چیئرمین سپریم جوڈیشل کونسل اور چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس اصف سعید کھوسہ نے کی۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس کے ساتھ سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس گلزار احمد ، جسٹس شیخ عظمت سعید، پشاور ہائیکورٹ سے جسٹس وقار احمد اور سندھ ہائیکورٹ سے جسٹس احمد علی شیخ بھی اجلاس میں شریک ہوئے جبکہ اٹارنی جنرل پاکستان انور منصور خان اور رجسٹرار سپریم کورٹ ارباب عارف رحیم نے بھی شرکت کی۔میڈیا رپورٹ کے مطابق اجلاس میں جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور جسٹس کے کے آغا کے جواب پر حکومت کے جواب الجواب کا جائزہ لیا گیا ، جواب الجواب اٹارنی جنرل آف پاکستان انور منصور خان نے سپریم کورٹ میں پیش کیا،حکومتی جواب الجواب کا جائزہ لینے کے بعد اجلاس کی کارروائی ختم کر دی گئی۔