فواد چوہدری کی رویت ہلال کمیٹی کو ختم کرنے کی سفارش

پیر 15 جولائی 2019 23:21

فواد چوہدری کی رویت ہلال کمیٹی کو ختم کرنے کی سفارش
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جولائی2019ء) وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ رویت ہلال کمیٹی کو ختم کرنے کی سفارش کی ہے۔پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیرسائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ ہم قمری کیلنڈر کو او آئی سی میں لے کر جارہے ہیں، انشاء اللہ قمری کیلنڈر امت مسلمہ کا مشترکہ کیلنڈر ہوگا، ایران، یو اے ای اور سعودی عرب نے چاند دیکھنے والی ایپ کی تعریف کی ہے، دیگر اسلامی ممالک نے بھی ہماری کوششوں کو سراہا ہے اور اب موبائل سے ادائیگیوں کے حوالے سے کام کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

فوادی چوہدری نے کہا کہ ہم کابینہ سے درخواست کررہے ہیں کہ رویت ہلال کمیٹی کو ختم کرے اور حکومت ہمارے کیلنڈر کو سرکاری طور پر نافذ کرے جب کہ ہم موبائل پیمنٹس کی طرف آرہے ہیں اور اس حوالے سے ہوم ورک مکمل کرلیا ہے، موبائل پیمنٹس شروع ہوگئیں تو شناختی کارڈز کی ضرورت نہیں رہے گی۔وزیرسائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے کہاکہ یورپی یونین کے ساتھ سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون شروع کررہے ہیں، ترکی کے ساتھ سائنس و ٹیکنالوجی میں تعاون بڑھانا چاہتے ہیں، اگر ہم سائنس و ٹیکنالوجی میں بنیاد نہیں رکھیں گے تو ترقی نہیں کرسکتے، امریکہ نے ہمیں 10 انکیوبیشن سینٹرز بنا کر دیئے ہیں۔