Live Updates

قبائلی اضلاع کے سکولوں کو بہتر اور تعلیمی معیار مزید بہتر بنانے کے حوالے سے اقدامات اُٹھائے جارہے ہیں،ضیاء اللہ بنگش

انڈپینڈنٹ مانیٹرنگ یونٹ کی رپورٹ کو مدنظر رکھتے ہوئے رواں مالی سال بجٹ میں قبائلی اضلاع کیلئے تعلیمی شعبے میں 36 ارب روپے فنڈ مختص کے گئے ہیں ، مشیر تعلیم خیبرپختونخوا

منگل 16 جولائی 2019 21:23

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جولائی2019ء) وزیر ا علیٰ خیبرپختونخواکے مشیر تعلیم ضیاء اللہ بنگش نے کہاہے کہ قبائلی اضلاع پر بھرپور توجہ دے رہے ہیں، اس حوالے سے وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ محمود خان کی خصوصی ہدایات ہیں۔ انہوں نے کہاکہ انڈپینڈنٹ مانیٹرنگ یونٹ کی رپورٹ کو مدنظر رکھتے ہوئے رواں مالی سال بجٹ میں قبائلی اضلاع کے لیے تعلیمی شعبے میں 36 ارب روپے فنڈ مختص کے گئے ہیں اورقبائلی اضلاع کے سکولوں کو مزید بہتر اور تعلیمی معیار مزید بہتر بنانے کے حوالے سے اقدامات اُٹھائے جارہے ہیں۔

یہ بات انہوں نے ضم شدہ اضلاع میں انڈپینڈنٹ مانیٹرنگ یونٹ کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں پروجیکٹ ڈائریکٹر ضیاء الحق، ایڈیشنل پروجیکٹ ڈائریکٹر عابد اللہ، ڈپٹی ڈائریکٹر اسد سرور اور انڈپینڈنٹ مانیٹرنگ یونٹ محکمہ تعلیم کے آفیسرز نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انڈپینڈنٹ مانیٹرنگ یونٹ کی جانب سے قبائلی اضلاع کے سکولوں کی مانیٹرنگ کے حوالے سے جاری کی گئی مانیٹرنگ رپورٹ پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

رپورٹ میں کہاگیاہے کہ آئی ایم یو کی جانب سی5889 سکولوں میں سے 5788 سکولوں کی مانیٹرنگ کی گئی ہے ۔رپورٹ کے مطابق قبائلی اضلاع کے 98 فیصد سکولوں کی مانیٹرنگ مکمل ہوگئی ہے جبکہ 2 فیصد سکولوں کی مانیٹرنگ سیکیورٹی وجوہات کی بناء پر نہ ہو سکی جو جلد کی جائے گی۔رپورٹ کے مطابق قبائلی اضلاع میں اساتذہ کی حاضری 82 فیصد رہی اور غیرحاضری 18 فیصد۔

طلباء کی حاضری 62 فیصد رہی۔ رپورٹ کے مطابق 45 فیصد سکولوں میں بجلی کی سہولت موجود جبکہ 55 فیصد سکولوں میں بجلی کی سہولت موجود نہیں اور49 فیصد سکولوں میں پانی کی سہولت موجود جبکہ 51 فیصد سکولوں میں پانی کی سہولت موجود نہیں۔70 فیصد سکولوں میں ٹائلٹ کی سہولت موجود جبکہ 30 فیصد سکولوں میں ٹائلٹ کی سہولت موجود نہیں، آئی ایم یو کے رپورٹ میں کہاگیاہے کہ 82 فیصد سکولوں میں باونڈری وال کی سہولت موجود جبکہ 18 فیصد سکولوں میں باونڈری وال کی سہولت موجود نہیں۔

اسی طرح غیرتدریسی عملے کی حاضری 74 فیصد جبکہ غیرحاضری 26 فیصد رہی۔اس موقع پرگفتگوکرتے ہوئے ضیاء اللہ بنگش نے کہاکہ قبائلی اضلاع کے خیبرپختونخوا میں انضمام کے فوری بعد انڈپینڈنٹ مانیٹرنگ یونٹ کو قبائلی اضلاع تک توسیع دی گئی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہارکیاکہ انڈپینڈنٹ مانیٹرنگ یونٹ کی رپورٹ کو مدنظر رکھتے ہوئے قبائلی اضلاع کے تمام سکولوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائیگی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات