Live Updates

باکسر عامرخان نے اپنی جیت پاکستان کے نام کردی

دو ہفتے میں پاکستان جا رہا ہوں جہاں وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کروں گا:ورلڈ چیمپئن باکسر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 16 جولائی 2019 20:18

باکسر عامرخان نے اپنی جیت پاکستان کے نام کردی
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔حسیب ارسلان. 16جولائی 2019ء) برطانوی باکسر عامرخان نے آسٹریلوی باکسر کے خلاف اپنی جیت پاکستان کے نام کردی ۔تفصیلات کے مطابق پاکستان نژاد برطانوی باکسر عامر خان فائیٹ جیتنے کے بعد برطانیہ پہنچ گئے ۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عامرخان کا کہنا تھا کہ میری جیت پاکستان کے لئے تھی کیوں کہ میں پاکستان کے لئے کھیلا،خوشی ہوئی کہ جنرل ریٹائرڈراحیل شریف اور دیگر پاکستانی فائٹ دیکھنے آئے اور داد دی۔

عامر خان کا کہنا تھا کہ وہ دو ہفتے میں پاکستان جا رہے ہیں جہاں وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کریں گے ،ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں عامر خان اکیڈمی کا مستقبل بہت اچھا ہے ،یہاں سے ٹریننگ لینے والے لڑکے ملک کا نام روشن کریں گے۔

(جاری ہے)

اس سے قبل پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے سعودی عرب میں بھی فتح کے جھنڈے گاڑ تے ہوئے پہلی بار سپر باکسنگ لیگ کے بڑے مقابلے میں آسٹریلوی باکسربلی ڈب کو ناک آﺅٹ کیا ۔

گزشتہ جمعے کو جدہ کے کنگ عبدالعزیز سٹیڈیم میں ہونے والے مقابلہ میں عامرخان نے اپنا لوہا منوایا۔عامر خان میچ کے پہلے راﺅنڈ سے ہی حریف پرحاوی رہے،عامر خان نے بارہ راﺅنڈز کے مقابلہ کے چوتھے راﺅنڈ میں ہی آسٹریلوی باکسربلی ڈب کو ناک آﺅٹ کر ڈالا۔عامر خان کی جیت پر سٹیڈیم پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونجا جب کہ قومی پرچم بھی لہرا یا گیا،عامر خان اپنی جیت پرخوش تو تھے مگر انہوں نے بھارتی باکسر ویرت گویت سے مقابلہ نہ ہونے پر افسوس کا بھی اظہار کیا۔

اسلامی عسکری اتحاد کے سربراہ جنرل ریٹائرڈ راحیل شریف اور وفاقی وزیر فواد چودھری نے بھی مقابلہ دیکھا،سابق آرمی چیف جنرل ریٹائرڈ راحیل شریف نے عامر خان کو گلے لگایا اور مبارکباد دی۔عامر خان کا مقابلہ بھارتی باکسر ویرت گویت سے ہونا تھا مگرکار حادثے میں ویرت گویت کے زخمی ہونے پر بلی ڈب سے انہیں مقابلہ کرنا پڑا۔ 
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات